پاکستان ٹیلی ویژن کے بانی رکن اسلم اظہر 85 برس کی عمر میں چل بسے

حکومت پاکستان کی جانب سے اعلی کارکردگی پرانہیں ستارہ پاکستان اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔


ویب ڈیسک December 30, 2015
حکومت پاکستان کی جانب سے اعلی کارکردگی پرانہیں ستارہ پاکستان اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ فوٹو:فائل

KHANEWAL: پاکستانی ٹیلی ویژن کے بانی رکن اسلم اظہر85 برس کی عمر میں پہنچ کر اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔

26 نومبر1964 کو ریڈیو پاکستان لاہور میں جس 30 رکنی ٹیم نے ایک ٹینٹ سے پاکستان ٹیلی ویژن کی آزمائشی نشریات کا آغاز کیا اس پروڈکشن ٹیم کے سربراہ اسلم اظہر تھے جو بعد ازاں پی ٹی وی کے پہلے مینجنگ ڈائریکٹر بنے۔ وہ اسلام آباد میں ٹیلی وژن اکادیمی کے سربراہ بھی رہے اور 1967 میں کراچی ٹیلی وژن اسٹیشن کے شروع ہونے کے فوراً ہی بعد انہیں جنرل منیجر کے عہدے کی ذمے داریاں سونپ دی گئیں۔ 1972کے شروع میں اُنھیں پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر کے عہدے پر فائز کیا گیا اور اِس حیثیت میں وہ کئی سال خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ اسٹیٹ فلم اتھارٹی کے سربراہ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے چئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

اسلم اظہر مرحوم کے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ وہ جب تک ٹیلی وژن کی دنیا سے وابستہ رہے وہی اُن کا اوڑھنا بچھونا تھا۔ وہ نوجوانوں کی جس طرح کی حوصلہ افزائی کرتے اور ٹیلنٹ کی جس طرح اُنھیں پہچان تھی وہی ان کا خاصہ تھا، بذاتِ ِخود نہایت منجھے ہوئے براڈکاسٹر تھے اور اُن کی آواز کا جادو اور منفرد انداز اپنی پہنچان تھا، وہ نت نئی اختراعات لے کر آئے اور انہیں عملی جامہ پہنانے میں اُنھیں ملکہ حاصل تھا۔

ٹیلی وژن اور براڈکاسٹنگ کے شعبے میں اُن کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ستارہ پاکستان اور تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔