بھتہ خوروں سے مستقل نجات کیلئے رحمن ملک لائحہ عمل بنائیں الطاف حسین

قائداعظم کاپاکستان چاہتے ہیں،ملک بچانے کیلیے مسلح افواج،آئی ایس آئی اورتمام دفاعی اداروںکوتعاون کی پیشکش کرتاہوں،خطاب

حیدرآبادمیںجدیددائیلاسزسینٹربنایاجائیگا،سکھرمیں برادریوںکوایک پرچم تلے متحدکردینگے،قائدمتحدہ، رحمن کی لندن میں ملاقات.فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ میں پاکستان کو طالبان اورمذہبی انتہاپسندوں کانہیں بلکہ قائداعظم محمدعلی جناح کے وژن کے مطابق روشن خیال،لبرل اورڈیموکریٹک بناناچاہتاہوں۔

جہاں صرف امیرہی کی نہیں بلکہ غریب کی بھی عزت ہو،ملک بچانے کیلیے مسلح افواج،آئی ایس آئی اورمسلح افواج کے تمام اداروںکوپھراپنے بھرپورتعاون کی پیشکش کرتاہوں کہ آؤ ہاتھ بڑھاؤ، ہاتھ ملاؤ،تم ہمیں بچاؤ،ہم تمہیں بچائیںگے،تم سرحدوں پر لڑوہم لڑائی میں تمہاراساتھ دیں گے اورتمہیں پانی پلائیںگے اورمل کرملک کومضبوط بنائیں۔ عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کی کھالیں جمع کرنے کے سلسلے میں قائم کیے گئے خدمت خلقفاؤنڈیشن کے مرکزی کیمپ پررضاکاروں،ایم کیوایم کے ذمے داروں، کارکنوں،فنکاروں، علمائے کرام، تاجروں، صنعتکاروں اوردیگرافرادسے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے عیدکے تینوں ایام میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کیلیے قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے اوررات دن محنت کرنے پر آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور فاٹا سمیت ملک بھرمیں ایم کیوایم کے کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔


انھوں نے کہاکہ زندگی اورموت اﷲ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے،میرا عزم ہے کہ جب تک اﷲ تعالیٰ نے مجھے زندگی دی ہے میں نتائج کی پرواہ کیے بغیر حق پرستی کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔ انھوں نے پاکستان بھرکے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے مختلف جماعتوں کو باربار آزمایا ہے ، ایک بارایم کیوایم کو بھی آزماکر دیکھ لیں اگر آپ کے ووٹ کا پھل میٹھا ہو توشکریہ ادا کردیں اور اگر کٹھا ہو تو پھینک دیجئے گا۔ الطاف حسین نے کہا کہ میں چاہتاہوںکہ معاشرے سے جہیز کی لعنت کاخاتمہ ہو،ہمارے نوجوان جہیزکے بجائے لڑکیوں کی سیرت دیکھیں۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق الطاف حسین نے کہاکہ رحمن ملک بھتہ خوری سے مستقل نجات کیلیے لائحہ عمل بنائیں۔یہ بات انھوں نے رحمن ملک سے لندن میں تفصیلی ملاقات کے دوران کہی ۔ملاقات میں ملکی وبین الاقوامی صورتحال پرتفصیلی بات چیت کی گئی ،الطاف حسین نے رحمن ملک کوکراچی میں بھتہ مافیاکی کارروائیوں سے شہریوں خصوصاً تاجربرادری میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔الطاف حسین نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے پاکستان کامقدمہ ہمت وجرأت سے لڑنے پررحمٰن ملک کوزبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔ عیدکے پہلے اوردوسرے دن کھالیں جمع کرنے والے کارکنوں سے خطاب میں الطاف حسین نے کہاکہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کواس سال ملنے والی قربانی کی کھالوں میں ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ اضافہ ہواہے۔

آنے والے انتخابات میںایم کیوایم کوماضی کے مقابلے میں زیادہ ووٹ ملیںگے اورحیرت انگیزنتائج سیاسی بازیگروں کوپریشان کر دیںگے،ایم کیوایم خدمت ہی میں نہیں بلکہ ایمانداری،محنت وجانفشانی اورجرأت وہمت میں بھی سب سے آگے ہے۔ حیدرآباد اور سکھرمیں کے کے ایف کے بیس کیمپوں پرکارکنان اور ذمے داران سے فون پرخطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ہماری سیاست کا مقصد اقتدارکاحصول نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت ہے اور یہی ہمیشہ سے ہمارامشن رہا ہے، ملک بھرمیں قائم کے کے ایف کے سینٹرز کو مزید 100 ایمبولینسیں فراہم کی جائیںگی اور مزیدشہروں میں بھی ایمبولینس سینٹرزقائم کیے جائیں گے، حیدرآبادمیں جدید طرزکاڈائیلاسزسینٹرقائم کیا جائیگا، مخیر حضرات تعاون کریں توحیدرآبادمیں امراض قلب کااسپتال بھی قائم کیا جائیگا، انھوں نے حیدرآبادمیں آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلیے 20لاکھ روپے عطیے کابھی اعلان کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story