دہشت گردی اور انتہاپسندی کی بڑی وجہ معاشی پسماندگی ہے مولانا فضل الرحمان

شاہراہیں صرف فاصلےکم نہیں کرتیں بلکہ ان سے معاشرے تبدیل ہوتے ہیں، میر حاصل بزنجو


ویب ڈیسک December 30, 2015
وزیراعظم نواز شریف نے مغربی روٹ کا افتتاح کر کے 28 مئی کو کئے گئے وعدے پورے کر دیئے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سب سے بڑی وجہ معاشی پسماندگی ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کا بہترین دوست ہونےکا ثبوت دیاہے، اقتصادی راہداری کا منصوبہ پسماندہ عوام کے لیے خوشحالی کی نوید ہے، ترقی کے سفر میں وزیراعظم کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سب سے بڑی وجہ معاشی پسماندگی ہے، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو خون آلود مستقبل نہیں دینا چاہتے، اپنے بچوں کو پرامن اور خوشحال پاکستان دینا چاہتے ہیں، قومی ترقی کے لیے پوری قوم کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

نیشنل پارٹی کے رہنما میرحاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ماضی میں ترقیاتی کام ہوتے تو آج بلوچستان ملک سے منسلک ہوتا، شاہراہیں صرف فاصلے کم نہیں کرتیں بلکہ ان سے معاشرے تبدیل ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام وزیراعظم نوازشریف کے مشکور ہیں اور وزیراعظم کے وژن کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔

پشتونخوا عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دنیا کی تمام جنگیں نفرتیں اور بے انصافی سے جنم لیتی ہیں، بے انصافی کے ساتھ امن نہیں آ سکتا، امن کے لئے انصاف بہت ضروری ہے۔ ہمسایوں سے اچھے تعلقات کے بغیر کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا، علاقائی ممالک سے تعاون وزیراعظم نوازشریف کی پالیسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہراہیں ملکی ترقی میں اہمیت کی حامل ہوتی ہیں، وزیراعظم بلوچوں سے کہہ دیں کہ صوبے کے وسائل پر آپ کا حق ہے، ہم ہر اچھے کام میں وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے میاں افتخار حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ سب سے اہم اور محفوظ ہے، پسماندہ علاقوں کو ترقی دے کر خوشحالی کا خواب پورا ہو سکتا ہے، قدرتی وسائل کا سب سے زیادہ فائدہ مقامی افراد کو پہنچنا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اسی وژن پر چلتے رہے تو ملک جلد دہشت گردی سے نجات حاصل کر لے گا، دہشت گردی اور دیگر مشترکہ مسائل کا ہم سب ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے مغربی روٹ کا افتتاح کر کے 28 مئی کو کئے گئے وعدے پورے کر دیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔