دبئی میں سال نو کی آتش بازی کے پیچھے چھپی 6 ماہ کی محنت

دنیا کی بلند ترین عمارت پر آتش بازی دکھانے کے لئے 3 لاکھ 37 ہزار ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئیں


ویب ڈیسک December 30, 2015
آتش بازی کا شاندار مظاہرہ عوام کو دکھانے کے لئے 1600 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے فوٹو:فائل

QUETTA: دنیا بھر میں سال نو کی تقریبات منانے کے لئے کئی ہفتے پہلے سے ہی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں لیکن دنیا کی طویل ترین عمارت برج الخلیفہ پر نئے سال کی تقریبات کے حوالے سے کی جانے والی آتش بازی کی تیاریاں 6 ماہ قبل شروع کی گئیں جس پر لاکھوں ایل ای ڈیز اور ہزاروں کلو گرام سے زائد آتش بازی کا سامان استعمال کیا گیا ہے۔

دبئی کے برج الخلیفہ پر نئے سال کی تیاریوں کے حوالے سے حاصل ہونے والی ویڈیو کے مطابق دنیا کی بلند ترین عمارت پر آتش بازی دکھانے کے لئے 3 لاکھ 37 ہزار ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئیں ہیں جب کہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ عوام کو دکھانے کے لئے 1600 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے۔

برج الخلیفہ کی عمارت پر 409 مقامات پر آتش بازی کا سامان نصب کیا گیا ہے جب کہ آتش بازی کا شاندار مظاہرہ دکھانے کے لئے 51 ہزار سے زائد پکسلز کی دنیا کی سب سے بڑی اسکرین استعمال کی گئی ہے۔



دنیا کی سب سے اونچی عمارت پر 2 ماہ میں آتش بازی کا سیٹ اپ لگایا گیا جب کہ اس میں 70 کلو میٹر تار استعمال کی گئی اور 100 ٹیکنیشنز نے مسلسل 6 ماہ محنت کی۔

سال نو پر آتش بازی کا براہ راست مظاہرہ دیکھنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے برج الخلیفہ سے 850 میٹر کی دوری پر عارضی فٹ پاتھز قائم کی گئی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ شاندار آتش بازی کا مظاہرہ براہ راست ٹی وی چینلز پر بھی نشر کیا جائے گا جب کہ انٹرنیٹ صارفین آن لائن بھی اسے دیکھ سکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔