امریکیوں نے طیارے سے اتار کر ڈرون حملوں سے متعلق موقف پر تفتیش کی عمران خان

میرا موقف واضح ہے حملے بند ہونے چاہئیں،چیئرمین تحریک انصاف


امریکی امیگریشن کے اہلکاروں نے عمران کو ٹورنٹو میں اس وقت روکا جب وہ نیویارک جانے کیلیے جہاز میں سوار ہو رہے تھے، بی بی سی فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکی امیگریشن کے اہلکاروں نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ڈرون حملوں پر ان کے موقف کے بارے میں ان سے تفتیش کی ہے۔

یہ واقعہ جمعہ کو اس وقت پیش آیا جب وہ کینیڈا میں اپنی جماعت کے لیے چندہ جمع کرنے کی تقریب میں شرکت کے بعد ایسی ہی ایک اور تقریب میں شرکت کیلیے نیویارک کیلیے پرواز کرنیوالے تھے،عمران خان نے بتایا کہ ' انھیںطیارے سے اتار لیا گیا اور کینیڈا میں موجودامریکی حکام نے ڈرون حملوں پر ان کے موقف کے بارے میں پوچھ گچھ کی، عمران کا کہنا تھا کہ ان کا موقف واضح ہے کہ ڈرون حملے رکنے چاہئیں'ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس تفتیش کی وجہ سے وہ مقررہ پرواز سے نیویارک جا سکے نہ ہی وہاں ظہرانے میں شرکت کر سکے۔

خیال رہے کہ امریکا اورکینیڈا کے درمیان مقامی پروازیں ہونے کی وجہ سے امریکا سفر کرنے والوں کی امیگریشن امریکی حکام کی طرف سے کینیڈا کے ہوائی اڈوں پر ہی کی جاتی ہے، نیویارک سے بی بی سی کے مطابق جمعہ کی رات عمران خان نے امریکا پہنچنے کے بعد اپنی جماعت کے'' فنڈ ریزر'' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ٹورنٹو کے ہوائی اڈے پر روکے جانے کی وجہ پاکستان پر امریکی ڈرون حملوں کی مخالفت تھی، انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان امریکا کی جنگ سے نکل جائے تو اس کے متعلق تمام دنیا میں شدت پسند یا جہادی ہونے کا تصور از خود ختم ہو جائے گا، عمران خان کوٹورنٹو ائرپورٹ پر امریکی حکام کی جانب سے نیویارک جانے سے روکے جانے کے دو روز بعد امریکی محکمہ خارجہ سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب یہ مسئلہ حل ہوگیا ہے اور امریکی محکمہ خارجہ عمران خان کو امریکہ میں خیرمقدم کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ہمیں عمران خان کو ٹورنٹو ایئرپورٹ پر روکے جانے کا علم ہے، واقعے کے روزصحافی نے امریکی محکمہ خارجہ سے استفسار کیا تھا کہ یہ کیا معاملہ ہے جسکے جواب میں ایک مختصرسا بیان جاری کیا گیا ، ملتان سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو کینیڈا سے امریکا جاتے ہوئے روکنا حیران کن اور قابل مذمت ہے، بین الاقوامی فورم پر امریکا کے اس اقدام کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ عمران کا دورہ امریکہ شیڈول کے مطابق تھا ان کے پاس ویزا اور تمام دستاویزات موجود تھیں ، انھوں نے کہا کہ عمران خان کا امریکی پالیسیوں سے اختلاف کرنا ان کا حق ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں