اقتصادی سیکٹر کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے

موجودہ حکومت اپنے قیام سے ہی اقتصادی سیکٹر پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے


Editorial December 31, 2015
حکومت کو اپنی باقی ماندہ مدت میں کیے گئے وعدوں کے ایفا کے ساتھ عوامی بحالی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ فوٹو:فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روز مری میں جی پی او کی تزئین شدہ عمارت کے افتتاح کے بعد لوگوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر آیندہ ڈھائی سال میں مکمل قابو پانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مری کے عوام کے ساتھ کیے گئے تمام وعدے اگلے ڈھائی سال میں پورے کیے جائیں گے، بجلی منصوبوں پر کام جاری ہے، مری کے خوبصورت شہر کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا، علاقہ میں جدید اسپتال، اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مری میں اربوں روپے کی لاگت سے شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی ذاتی طور پر کریں گے۔

موجودہ حکومت اپنے قیام سے ہی اقتصادی سیکٹر پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، حکومت کی راست پالیسیوں کے باعث بزنس سیکٹر کے حالات بہتر ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم کا یہ کہنا صائب ہے کہ پاکستان اقتصادی طاقت بننے جا رہا ہے، یہاں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع ہیں۔ انھوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے موبائل منی سلوشن اسکیم متعارف کرانے اور مشترکہ منصوبے کے طور پر پاکستان پوسٹ لاجسٹک کمپنی کے قیام کی تجویز کی اصولی منظوری بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ جی پی او کو ملک کے تمام علاقوں سے لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کا ذریعہ بننا چاہیے جس سے وفاق کی حقیقی روح کی عکاسی ہو۔

دریں اثنا وزیر اعظم نواز شریف نے قطری شخصیات کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مضبوط اقتصادی اشاریوں کے حامل ملک کی حیثیت سے اقوام عالم کے نقشہ پر تیزی سے ابھر رہا ہے، پاکستان کو آیندہ دہائی میں ترقی کرنے والی سرکردہ اقوام کے گروپ میں شامل کرنے کے لیے مضبوط اقتصادی فریم ورک وضع کر رہے ہیں۔ انھوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے نہایت منافع بخش ہائیڈرو پاور شعبہ میں سرمایہ کاری کریں جہاں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو وسیع تر اقتصادی روابط کے ذریعہ تقویت دی جائے گی۔ وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہر ایک نے ہماری بھرپور معاونت کی ہے۔ ملک کی ترقی اقتصادی سیکٹر کو مضبوط بنانے میں مضمر ہے۔

بلاشبہ اپنے قیام کے ابتدائی ڈھائی سال حکومت نے نہایت کٹھن حالات میں گزارے لیکن آپریشن ضرب عضب اور امن و امان کی بحالی کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔ بین الاقوامی کمپنیوں سے معاہدے کے ساتھ چھوٹے بزنس مین بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔ راست ہو گا کہ حکومتی سطح پر سرمایہ کاروں کو مزید پرکشش آفرز کر کے راغب کیا جائے، بزنس سیکٹر میں سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ چھوٹی و گھریلو صنعتیں قائم کرنے کے لیے عوام کو باسہولت قرضے فراہم کیے جائیں۔ ملک میں معاشی استحکام ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہو گا۔ حکومت کو اپنی باقی ماندہ مدت میں کیے گئے وعدوں کے ایفا کے ساتھ عوامی بحالی کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں