عوام کے لیے مفت وائی فائی سہولت کا صائب فیصلہ

پنجاب حکومت نے لاہور میں شہریوں کو مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔

آج کے دور میں انٹرنیٹ زندگی کا اہم حصہ بنتا جا رہا ہے خاص کر طلبا اور کاروباری دنیا سے وابستہ افراد انٹرنیٹ کی سہولت سے تعلیمی میدان اور کاروباری سیکٹر میں نمایاں نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ فائل: فائل

ISLAMABAD:
پنجاب حکومت نے لاہور میں شہریوں کو مفت وائی فائی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دیدی ہے۔ ڈی جی پی ایچ اے کے مطابق پارکوں، میٹرو بس، لاری اڈہ میں وائی فائی ٹاور لگائے جائیں گے، شہری اسمارٹ فونز پر مفت انٹرنیٹ چلا سکیں گے۔ پارکوں میں ڈیجیٹل لائبریریاں بھی لگائی جائیں گی۔ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں مذکورہ فیصلہ نہایت صائب ہے، اس کا اطلاق صرف ایک شہر نہیں بلکہ تمام بڑے شہروں میں کیا جانا چاہیے۔ کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ جیسے بڑے شہروں میں عوام کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنا از حد ضروری ہے۔


ترقی یافتہ ممالک میں اپنے عوام کو مفت وائی فائی کی سہولت ایک عام بات ہے جہاں عوامی مقامات، پارکوں، ہوائی اڈے اور ریلوے اسٹیشنوں پر عوام باآسانی اپنے لیپ ٹاپ اور اسمارٹ فونز پر مفت انٹرنیٹ چلا سکتے ہیں۔ آج کے دور میں انٹرنیٹ زندگی کا اہم حصہ بنتا جا رہا ہے خاص کر طلبا اور کاروباری دنیا سے وابستہ افراد انٹرنیٹ کی سہولت سے تعلیمی میدان اور کاروباری سیکٹر میں نمایاں نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ سوشل سائٹس کے ذریعے پوری دنیا سے ایک جگہ بیٹھے رابطہ کرنا آسان ہو گیا ہے۔

بلاشبہ موبائل کمپنیاں انٹرنیٹ کے ضمن میں سستے پیکیج متعارف کرواتی رہتی ہیں لیکن پھر بھی عوامی سطح پر انٹرنیٹ کا استعمال محدود پیمانے پر کیا جا رہا ہے، حکومت کی جانب سے مفت وائی فائی کی سہولت کا فیصلہ نہ صرف عوام کو بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ کے استعمال پر راغب کرے گا بلکہ اس کے مثبت اثرات بھی مرتب ہوں گے۔ راست ہو گا کہ اس فیصلے کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور اسے ایک صوبے تک محدود رکھنے کے بجائے دیگر صوبوں کے بڑوں شہروں میں بھی لاگو کیا جائے تا کہ وہاں کے عوام بھی مفت وائی فائی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
Load Next Story