پاکستان سے کرکٹبھارت میں کہیں خوشی کہیں غم

سیریزٹیم کیلیے مختلف نہیں ہوگی(گمبھیر) باہمی مقابلے ہمیشہ خاص ہوتے ہیں،منجریکر


ایکسپریس July 18, 2012
سیریزٹیم کیلیے مختلف نہیں ہوگی(گمبھیر) باہمی مقابلے ہمیشہ خاص ہوتے ہیں،منجریکر۔ فوٹو اے ایف پی

پاکستان سے کرکٹ روابط کی بحالی پر بھارت میں کہیں خوشی تو کہیں غم کی فضا ہے،اوپنر گوتم گمبھیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے سیریز ہمارے لیے کچھ مختلف نہیں ہوگی،اگرچہ میڈیا میںپاک، بھارت کرکٹ روابط بحالی کا بڑا چرچا ہے، لیکن اگر میری رائے پوچھی جائے تو میں تو ملک کیلیے ہر میچ کو ہی اہم خیال کرتا ہوں، چاہے ہمارے مقابل سری لنکا، پاکستان یا بنگلہ دیش ہو، میری طرح بیشترپروفیشنل کرکٹرز ایسی ہی رائے دیں گے۔

سنجے منجریکر کا کہنا ہے کہ پاک، بھارت کرکٹ مقابلے ہمیشہ خاص ہوتے ہیں، اگرچہ آسٹریلیا سے ہماری ٹیم کے مقابلوں کی اپنی دلکشی ہوتی ہے لیکن ہمیں اب تک ورلڈ کپ 2011 کا موہالی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا سیمی فائنل یاد ہے۔ سابق کپتان کرشنم اچاری سری کانت نے پاکستان سے کرکٹ بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا، ان کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک سے مقابلوں کا انعقاد دنیائے کرکٹ کیلیے بھی اچھا ہوگا، میڈیا سے گفتگو میں سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ روابط کا بحال ہونا خوش آئند ہے، اگرچہ تین ون ڈے اور دو ٹی 20 چھوٹی شروعات ہے، امید ہے یہ آغاز ٹیسٹ سیریز تک جائے گا،

انھوں نے مزید کہا کہ کھیل بین الاقوامی تعلقات بہتر بنانے کا بہترین راستہ ہے، پاکستان سے کرکٹ مقابلوں کا انعقاد دنیائے کرکٹ اور عوام کیلیے بھی اچھا رہے گا، دوسری جانب بھارتی اپوزیشن سیاسی جماعت بی جے پی کے رکن اسمبلی اور سابق کرکٹر کیرتی آزاد نے پاکستان سے کرکٹ روابط کی بحالی پر کانگریس کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا ہے کہ بورڈ نے یہ فیصلہ کرکے کمزوری دکھائی، میں بطور بھارتی شہری حکومت سے سوال کرتا ہوں کہ ایسی کیا تبدیلی رونما ہوئی کہ ہم نے پاکستان سے دوبارہ کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا،حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں