حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلیے امریکا کو خط لکھے منورحسن

امریکا عافیہ پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، حکومت خط لکھ دے تو رہائی ممکن ہے


Staff Reporter October 30, 2012
کراچی: منور حسن ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو : این این آئی

GILGIT: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منورحسن نے امریکا کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی اور ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منورحسن نے کہا کہ امریکا انسانی حقوق کی پاسداری کے تمام تر دعوئوں کے باوجود عافیہ پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، عافیہ کو نہ ہی ان کے اہل خانہ سے ملنے دیا جارہا ہے اور نہ ہی انھیں صحیح خوراک دی جارہی ہے، اس صورتحال کا حکومت کو نوٹس لینا چاہئے اور امریکا سے مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ قیدیوں کے حوالے سے جو حقوق ہیں وہ پورے کرے اور مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ عافیہ قوم کی بیٹی ہے، حکومت کا فرض ہے کہ وہ رہائی کیلیے اقدامات کرے اور امریکا میں ہونے والے انتخابات سے قبل امریکا کوعافیہ کی رہائی کے لیے خط لکھے۔

اگر خط لکھ دیا گیا تو ممکن ہے کہ امریکا کی نئی انتظامیہ عافیہ کو رہا کردے۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ رہائی کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کریں۔امریکا کو عافیہ کی ضرورت نہیں پاکستان کو ضرورت ہے کیونکہ وہ پاکستان کی بیٹی ہے ۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عافیہ کی رہائی کے لیے جماعت اسلامی کی کوششیں قابل قدر ہیں مگر المیہ یہ ہے کہ ان کی رہائی کیلیے حکومت کوئی قدم اٹھانے کیلیے تیار نہیں۔ آج اگر ملک کے چیف ایگزیکٹیو امریکی انتظامیہ کو خط لکھ دیں تو وہ رہا ہو سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں