اپنے دور حکومت میں کراچی کے حالات مزید بہتر کریں گے وزیراعظم نوازشریف

دہشت گردی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیں اندرونی طور پر مضبوط ہونا ہوگا، وزیراعظم

کراچی پر امن ہوگا تو پورا ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم، فوٹو: فائل

BERLIN:
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ کراچی پاکستان کا دل ہے لہذا کراچی پر امن ہوگا تو پورا ملک ترقی کرے گا جب کہ دہشت گردی سمیت دیگر بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیں اندرونی طور پر مضبوط ہونا ہوگا۔





 

اسلام آباد میں رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کے مسائل خوش اسلوبی سے طے ہونے پر خوشی ہے، تمام مسائل اسی طرح مل جل کر حل کرنے سے پاکستان خوشحالی کی منزل پر رواں دواں ہوگا جب کہ اسی اتفاق رائے کے جذبے کے تحت ملک سے دہشت گردی، غربت سمیت تمام مسائل کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرخزانہ سے کئی ملاقاتیں کی ہیں جن میں انہیں ہدایت دی کہ تاجروں کے تمام مسائل مل کر حل کیے جائیں اور ٹیکس ریٹ کو اتنا نیچے لائیں کہ سب آسانی سے ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا دل ہے لہذا کراچی پر امن ہوگا تو پورا ملک ترقی کرے گا جب کہ اپنے دور حکومت میں کراچی کے حالات مزید بہتر کریں گے۔






وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کسی بات سے نہیں گھبرائی اور ہم نے تمام چیلنجز کا سامنا کیا جس کی بدولت پاکستان تمام شعبوں میں آگے بڑھ رہا ہے جب کہ بجلی، گیس، صحت، تعلیم اور پڑوسیوں سے تعلقات سمیت تمام معاملات بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سمیت دیگر بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمیں اندرونی طور پر مضبوط ہونا ہوگا اور اس کے لیے ہمیں اپنی معیشت مزید بہتر کرنی ہے کیوں کہ جس ملک کی معیشت اچھی ہوتی ہے وہاں مسائل بھی کم ہوتے ہیں۔



اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم سرمایہ کاروں کے لیے ہے اور اس سے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا جب کہ رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کی منظوری پارلیمنٹ سے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کررہے ہیں اور سرمایہ کاروں کے لیے خوف کی فضا کوختم کردیا ہے جب کہ ایف بی آر تاجروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرے گا۔

Load Next Story