دہشت گردی اورکرپشن کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے سربراہ پاک فوج

مکمل یقین ہے 2016 دہشت گردی کےخاتمے اوریکجہتی کا سال ہوگا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف


ویب ڈیسک January 01, 2016
انصاف اورامن کی راہ ہموار کریں گے،آرمی چیف: فوٹو؛ فائل

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ قوم کی حمایت سے دہشتگردی، جرائم اورکرپشن کا گٹھ جوڑ توڑ دینگے جب کہ مکمل یقین ہے 2016 دہشتگردی کےخاتمے اوریکجہتی کا سال ہوگا۔





پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف گوادر پہنچے جہاں انہوں نے گوادرسمیت تلاراورتربت کا بھی دورہ کیا۔ سربراہ پاک فوج نے اس دوران بلوچ عمائدین سے بھی ملاقات کی۔





آئی ایس پی آرکے مطابق جنرل راحیل کا بلوچ عمائدین سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ انشاءاللہ قوم کی حمایت سےدہشت گردی، جرائم اورکرپشن کا گٹھ جوڑتوڑیں گے، قوم کے تعاون سے انصاف اورامن کی راہ ہموارکی جائے گی جب کہ مکمل یقین ہے 2016 دہشت گردی کےخاتمے اوریکجہتی کا سال ہوگا۔





پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے پریڈ لین مسجد، آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرزو دیگر حملوں میں ملوث 9 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ملٹری کورٹس سے سزائے موت پانے والے دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی۔



آئی ایس پی آر کے مطابق محمد غوری ولد جاوید اقبال تحریک طالبان پاکستان کے میڈیا سیل کا انچارج تھا اور راولپنڈی پریڈ لائن مسجد پر حملے میں ملوث تھا، محمد غوری نے 4 جرائم کا اعتراف کیا۔ عبدالقیوم ولد امیرمحمد حرکت الجہاد اسلامی پنجاب کا متحرک رکن تھا اور ملٹری کورٹ نے 7 جرائم ثابت ہونے پر عبدا لقیوم کو سزائے موت سنائی تھی۔محمد عمران ولد عبد المنان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر 4 حملوں میں ملوث تھا جب کہ اکسن محبوب ولد اصغر علی کا تعلق القاعدہ سے تھا اور اس نے سکیورٹی اداروں پر آگ لگانے والے ہتھیاروں سے حملے کئے۔عبدالرؤف گجر، محمد ہاشم، سلمان، شفقت فاروقی اورمحمد فرحان کا تعلق سپاہ صحابہ سے ہے اور پانچوں مجرموں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔