وزارت خارجہ سے ایمرجنسی ٹریول دستاویز جاری کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا 

بیرون ملک سفارت خانوں میں موجود نادرا اور پاسپورٹ آفیسرز ایمرجنسی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ جاری کریں گے، وزات داخلہ

وزارت داخلہ نے ڈی پورٹ پالیسی پر نیا حکم نامہ جاری کردیا- فوٹو: فائل

MANSEHRA:
حکومت نے نئی ڈی پورٹ پالیسی کے تحت وزارت خارجہ سے ایمرجنسی ٹریول دستاویز جاری کرنے کی اختیار واپس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے ڈی پورٹ پالیسی پر نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق وزارت خارجہ سے ایمرجنسی ٹریول دستاویز جاری کرنے کا اختیار واپس لے لیا گیا ہے۔ نئے حکم نامے میں کہا گیا کہ وزارت خارجہ اب ایمرجنسی ٹریول دستاویز جاری کرنے کی مجاز نہیں ہوگی بلکہ سفارت خانوں میں موجود نادرا اور پاسپورٹ آفیسرز ایمرجنسی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ جاری کریں گے۔


وزارت داخلہ کے مطابق اگر بیرون ملک مقیم کسی شخص کے پاس شناختی کارڈ یا پاسپورٹ موجود نہیں یا وہ زائد المیعاد ہوچکے ہیں تو سفارت خانے میں موجود نادرا اور پاسپورٹ آفیسرز اس حوالے سے براہ راست وزارت داخلہ کو خط لکھیں گے جس کے بعد وزارت داخلہ متعلقہ اداروں سے ان افراد کی تصدیق کرنے کے بعد ان افراد کو ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کرنے کی اجازت دے گی۔ ان افراد کی پاکستان واپسی پر ایف آئی اے کی ٹیم ان سے تفتیش کرے گی کہ یہ افراد قانونی یا غیر قانونی طور پر ملک سے باہر گئے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایمرجنسی ٹریول دستاویز جاری کرنے کا اختیار وزارت خارجہ کے پاس تھا تاہم ملائیشیا، قطر اور سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانی اس معاملے میں پھنس گئے تھے جس کے بعد حکومت نے یہ اپنی پالیسی میں تبدیلی کر کے یہ اختیار وزارت داخلہ کو دے دیا۔

Load Next Story