دورہ نیوزی لینڈ کیلئے محمد عامرکو ٹیم میں شامل کرنا خوش آئند ہے شاہد آفریدی
قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سلیکشن بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کےلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا اور محمد عامر کو ٹیم میں دوبارہ شامل کرنا خوش آئند ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ کےلئے تشکیل دی گئی موجودہ ٹیم بہترین سلیکشن ہے اور خصوصاً محمد عامر کو قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ دیکھ کربے انتہا خوشی ہوئی جب کہ محمد عامر نے انگلینڈ میں ہی اسپاٹ فکسنگ سے متعلق سچ سچ بتا دیا تھا اورانہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عامر نے کبھی میڈیا پر آکر ٹیم کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جیسا کے دیگر کھلاڑیوں نے کیا،عامر کی بھرپور حمایت کروں گا اور توقع ہے کہ وہ بھرپورعزم اور لگن سے قومی ٹیم کے لئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی اور اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کے محمد عامر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کے مؤقف کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں کیونکہ اسپاٹ فکسنگ کے باعث قومی ٹیم کو نقصان کے ساتھ پاکستان کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی، محمد آصف اورسلمان بٹ 3 سال تک جھوٹ بولتے رہے لیکن ان کے برعکس محمد عامر نے عدالتوں میں بھی سچ کہا اور قوم کے سامنے بھی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سچ باتی کہی لیکن اب ہمیں مستقبل کی جانب دیکھنا ہے اورعامر سے بھی اچھی کارکردگی کی امید رکھنی چاہئے۔