پاکستان کی بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پرحملے کی شدید مذمت

پاکستان بھارت اوردیگر ملکوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کام کرنے کو تیار ہے، ترجمان دفتر خارجہ


ویب ڈیسک January 02, 2016
حملے میں ہلاک ہونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ:فوٹو:فائل

پاکستان نے بھارت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت اور عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اور افسوسناک واقعہ پر بھارتی حکومت اور عوام سے دلی دکھ کا اظہار بھی کرتا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں ۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ پاک بھارت اعلیٰ سطح کے رابطوں کے بعد دونوں ممالک میں خیرسگالی کے تعلقات پیدا ہوئے ہیں، پاکستان خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے جب کہ بھارت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی پٹھان کوٹ ایئربیس پر 6 دہشت گردوں نے 3 اطراف سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 2 فوجیوں سمیت 3 افراد ہلاک جب کہ 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔