کراچی میں سیاسی کارکنوں سمیت مزید 10 افراد قتل اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملہ

پولیس کا آپریشن، 10مشتبہ افراد زیر حراست، پولیو مہم مؤخر


ایکسپریس July 18, 2012
کراچی:سہراب گوٹھ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی اقوام متحدہ کے اہلکار کی گاڑی کا پولیس اہلکار جائزہ لے رہا ہے۔ فوٹو/ایکسپریس

سہراب گوٹھ آلاصف اسکوائر کے قریب مسلح ملزمان نے اقوام متحدہ کی پولیو مانیٹرنگ ٹیم کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عالمی ادارہ صحت کا غیر ملکی ڈاکٹر اور اس کا پاکستانی ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ جبکہ مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ جاری رہی۔

ملزمان نے فائرنگ کر کے ایم کیو ایم، جماعت اسلامی اور اے این پی کے علاقائی عہدیداروں سمیت 10افراد کو ہلاک کردیا۔ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر حملے کی جنوبی وشمالی وزیرستان کی طرز پرکی جانے والی پہلی کارروائی کے بعد عالمی ادارہ صحت کی پولیوٹیم اوردیگر رضاکاروں میں شدیدخوف وہراس پھیل گیاجس کے بعدگڈاپ کے علاقے یوسی4میں پولیومہم مؤخر کردی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرزکے حکام افغان بستی پہنچ گئے،

کراچی سمیت ملک بھر میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے ماہرین نے اس واقعے کے بعد رینجرزکی مزید نفری طلب کرنے کی درخواست کردی ہے اور موجودہ صورتحال پرعدم اعتمادکااظہار بھی کیا ہے، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ افتخار لودھی نے بتایا کہ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود الآصف اسکوائر کے عقب میں محمد خان جونیجو کالونی میں اقوام متحدہ کی پولیو مانیٹرنگ ٹیم پولیو مہم کے سلسلے میں یو این او کی گاڑی نمبرx-683686 میں غیر ملکی ڈاکٹر ڈیڈو ولد براؤجا اپنے پاکستانی ڈرائیور محمود احمد کے ہمراہ جارہا تھا کہ دو مسلح ملزمان نے گاڑی روکنے کی کوشش کی اور نہ روکنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں غیر ملکی ڈاکٹر 30سالہ ڈیڈو پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ڈرائیور محمود احمد معمولی زخمی ہوگیا زخمیوں کو فوری طور پر نجی اسپتال لایا گیا۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے بتایا کہ زخمی ہونے والا ڈاکٹر ڈیڈو افریقہ کے شہر گھانا کا رہائشی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے سلسلے میں یو این او کی ٹیم پولیس کو اطلاع دیے بغیر علاقے میں گئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر، انڈس پلازہ، مچھر کالونی اور افغان بستی میں آپریشن کرتے ہوئے 10مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے۔ پولیس ملزمان سے تفتیش کررہی ہے۔

دونوں زخمیوںکوفوری طورپرگلشن اقبال میں واقع پیٹل اسپتال لایاگیا جہاں ابتدائی طبی امدادکے بعدآغاخاں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں محکمہ صحت کے افسران بھی پہنچ گئے، گڈاپ کے ٹاؤن ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خلیل انصاری نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلیے پٹیل اسپتال گلشن اقبال منتقل کردیاگیا۔ انھوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی گاڑی میں سوار میڈیکل ٹیم انسداد پولیو مہم کیلیے افغان کیمپ گئی تھی۔ گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

انھوں نے کہاکہ اس واقعے کے بعد یوسی4میں عارضی طورپر مہم موخر کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں بدھ تک پولیومہم جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں سعید آباد تھانے کی حدود السادات چوک سیکٹر12-Dپر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن27سالہ عقیل ولد یاسین کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے مقتول کی لاش سول اسپتال پہنچائی گئی، ایس ایچ او سعید آباد چوہدری ارشاد نے بتایا کہ مقتول عقیل بلدیہ ٹاؤن قائم خانی کالونی کا رہائشی تھا۔ دو موٹر سائیکلوں پرسوار 4 ملزمان نے عقیل کو سر میں گولیاں مار کر قتل کیا۔

انھوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے پولیس کو نائن ایم ایم پستول کے دو اور30بور پستول کے دو خول ملے ہیں، مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ112-Aکا کارکن تھا۔ مقتول کا ایک بھائی سابق کونسلر عامر کچھ عرصے قبل قتل کیا جا چکا ہے۔ قائد آباد تھانے کی حدود لانڈھی شیر پاؤ کالونی سیکٹر ایف2 اسٹار گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی کے علاقائی عہدیدار42سالہ فضل امین ولد عبدالرحیم کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مقتول فضل امین کا آبائی تعلق مردان سے تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور ہوائی فائرنگ کے باعث علاقے کی تمام دکانیں اور بازار بند ہوگئے۔

رینجرز اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں بند کرانے والے دو افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر فائیو جے میں عامر آٹوز پر بیٹھے افراد پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں جماعت اسلامی کا علاقائی ناظم26سالہ عبدالرشید ولد عبدالرحمٰن شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مقتول نیو کراچی سیکٹر فائیو جے مکان نمبرL-194کا رہائشی اور جماعت اسلامی کا علاقائی عہدیدار تھا اور سابق یو سی ناظم بھی تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کرکے دکانیں و کاروبار بند کرادیا۔ فائرنگ کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، منگھوپیر تھانے کی حدود نصرت بھٹو موڑ کے قریب حجام کی دکان میں گھس کر2مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دکان میں شیو بنوانے والا32سالہ سیف ولد عبدالستار ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔

ایس ایچ او منگھوپیر بشیر نے بتایا کہ مقتول مالشی تھا اور واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ شمیم شہید پولیس چوکی کی حدود ناظم آباد گول مارکیٹ بلاک3-Hمکان نمبر5/8میں ملزم سلیم عرف بابو نے اپنے دوست55سالہ الطاف ولد غلام غوث کو شیشے کی بوتل توڑ کر اس سے گلا کاٹ دیا، علاقے کے لوگوں نے ملزم سلیم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول الطاف نے ملزم سلیم کو25ہزار روپے دینے تھے جس کا سلیم تقاضا کررہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزم صرافہ بازاروں میں سونے کے کارخانوں کے باہر کچرا جمع کرنے کا کام کرتے ہیں۔

مقتول الطاف لیاری میراں ناکہ کا رہائشی تھا اور اس کا آبائی تعلق ملتان سے تھا۔ پولیس اس سلسلے میں مزید تفتیش کررہی ہے جبکہ گارڈن کے علاقے شو مارکیٹ باغ ہالار کے قریب فاروقیہ مسجد والی گلی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 65 سالہ فضل الرحمٰن ولد تاج بہادر خان ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول پاک کالونی ریکسر لائن کا رہائشی تھا اور اس کا عظیم پلازہ کے قریب کام کرتا تھا۔ واردات کے وقت فضل اپنا ٹھیا بند کر کے گھر جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے موبائل چھینتے ہوئے مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی علاقہ مکینوں نے بتایا کہ فاروقی مسجد والی گلی میں گزشتہ 6 ماہ سے لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث شام ہوتے ہی لوگ گھروں میں محصور ہو جاتے ہیں ، ملزمان رہائشی عمارتوں میں گھس جاتے ہیں اور کمپاؤنڈ میں بیٹھے افراد سے بھی نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو جاتے ہیں۔

مکینوں نے بتایا کہ فضل کا قتل کر کے فرار ہونے والے ملزمان مکینوں کے شور شرابے کی وجہ سے اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کی چھوڑی ہوئی موٹر سائیکل قبضے میں لے لی، مقتول فضل الرحمٰن کے بیٹے نعیم نے بتایا کہ واردات کے وقت وہ اپنے والد کے ساتھ کام سے واپس آرہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر اسی کے قوم سے تعلق رکھنے والے 2 افراد آئے اور ان سے گارڈن کے طرف جانے والے راستے کے بارے میں پوچھا اور پستول نکال کر فائرنگ کر دی نعیم نے بتایا کہ اس نے زمین پر لیٹ کر اپنی جان بچائی جبکہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 9/E بنارس محلے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کو نامعلوم ملزمان نے سر پر ایک گولی مار کر ہلاک کیا ہے، مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش شناخت ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی جبکہ اورنگی ٹاؤن نمبر ایک بلال مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 36 سالہ رحمت اﷲ ولد میر زمان ہلاک ہو گیا۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول اورنگی ٹاؤن نمبر 10 فرید کالونی کا رہائشی تھا جبکہ مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 فقیر کالونی شاہ جہاں چوک کے رہائشی 28 سالہ فریدبلوچ ولد لطیف بلوچ کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور ملزمان فرار ہو گئے۔ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کالعدم لیاری امن کمیٹی کا کارکن تھا۔

مقتول کے خلاف مومن آباد تھانے میں قتل ، اقدام قتل اور ڈکیتی کے12 مقدمات درج ہیں جبکہ مقتول کے خلاف لیاری کے تھانوں میں بھی مقدمات درج ہیں۔گلستان جوہر عزیز بھٹی پارک کے قریب فائرنگ سے30سالہ مختار ولد جعفر زخمی ہوگیا، رضویہ کے علاقے گولی مار نمبر2سینٹری مارکیٹ میں فائرنگ سے32سالہ سلمان ولد سرفراز زخمی ہوگیا، اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے16سالہ شہریار ولد شریف زخمی ہوگیا، کورنگی ضیاء کالونی سیکٹر32-Aمیں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے35سالہ پروین زوجہ عبدالوہاب زخمی ہوگئی جسے جناح اسپتال لایا گیا جبکہ موچکو تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 9/E قائم خانی موڑ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے50 سالہ بشیر ولد عمر خان زخمی ہو گیا۔

مضروب کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں مضروب کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود سیکٹر 4/D مکان نمبر N/509 کے رہائشی 31 سالہ شہباز ولد احتشام کو نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کر دیااور ملزمان فرار ہو گئے مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی پولیس کے مطابق مقتول 3 ماہ قبل اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن سے سرجانی ٹاؤن میں شفٹ ہوا تھا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں