جو کھو جائے ناخنوں کا روپ

مینی کیور سے بھی بات نہ بنے تو کیا کریں؟


سحرش پرویز January 04, 2016
مینی کیور سے بھی بات نہ بنے تو کیا کریں؟ ۔ فوٹو : فائل

لاہور: خواتین کسی بھی شادی بیاہ، دعوت یا کسی بھی خوشی کے موقع پر موجودہ فیشن کو نظر انداز نہیں کرتیں۔ دن اور رات کی مناسبت سے کپڑوں کے رنگوں کے انتخاب سے خوب صورت میک اپ، منفرد ہیئر اسٹائل، میچنگ جیولری اور سینڈل کے انتخاب تک، خواتین یہ سب باتیں بخوبی جانتی ہیں۔ نیل پالش لگانا بھی ہر عورت کا شوق ہوتا ہے۔

مارکیٹ میں بھی مختلف رنگوں کی نیل پالش دست یاب ہیں ۔خواتین نیل پالش کا استعمال کرنا تو جانتی ہیں، لیکن وہ یہ بات نہیں جانتیں کہ ناخن اگر صاف ہوں گے، تو ہی نیل پالش بھی خوب صورت لگے گی۔ ناخن صاف ہونے سے مراد یہ نہیں کہ ہاتھوں کا مینی کیور کروا لیا یا محض ناخنوں کا میل کچیل صاف کر لیا تو صفائی ہو گئی۔

اکثر گھریلو خواتین مینی کیور نہیں کرواتیں کہ ان کے پاس وقت نہیں ہوتا، جب کہ گھریلو خواتین کو مینی کیور کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ وہ پورا دن گھر کے کام کرتی ہیں۔ گھر کی صفائی سے برتن دھونے تک، ان سب کاموں میں آپ کے ناخن سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں اور اکثر خواتین کے ناخن تو کام کر کر کے پیلے بھی ہو جاتے ہیں، لیکن مینی کیور میں ماہر بیوٹیشنز کا کہنا ہے کہ نیل پالش کے استعمال سے بھی ناخن پیلے پڑ جاتے ہیں، جو بہت بد نما لگتے ہیں۔ زیادہ گہرے رنگوں کی نیل پالش کا استعمال ناخن پیلے ہو جانے کا باعث بنتے ہیں۔

اس کے لیے تین سے چار بڑے چمچے ہائیڈروجن پر آکسائیڈکو ایک پیالی پانی میں اچھی طرح سے ملا لیں۔ اپنے ناخنوں کو اس محلول میں دو منٹ کے لیے بھگو لیں۔ اس کے بعد ایک نرم ٹوتھ برش کی مدد سے ناخنوں کو صاف کریں اور تھوڑی دیر بعد دھو لیں۔ ہفتے میں دو سے تین بار اس طریقے سے اپنے ناخنوں کی صفائی کریں۔ آپ جلد ہی ناخنوں کی پیلاہٹ سے چھٹکارا حاصل کر لیں گی۔

اگر آپ ہائیڈروجن پر آکسائیڈ اپنے ہاتھوں پر استعمال کرنا نہیں چاہتیں یا یہ میسر نہیںتو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کا بھی ایک بہترین حل ہے۔ ٹوتھ پیسٹ تو ہر گھر میں موجود ہوتا ہے۔ ٹوتھ پیسٹ کو تھوڑی سی مقدار میں اپنے ناخنوں پر لگائیں اور اسے 10 منٹ تک چھوڑ دیں۔ اس کے بعد ناخنوں پر ٹوتھ پیسٹ کا اچھی طرح مساج کریں، اس کے بعد دھو لیں، لیکن خیال رکھیں کہ صرف وائٹننگ ٹوتھ پیسٹ ہی ناخن کے لیے استعمال کریں۔ دوسرے ٹوتھ پیسٹ لگانے سے ناخن میں انفیکشن بھی ہو سکتا ہے۔

اب آپ گھر کے کاموں میں بے فکر ہوکر مصروف رہیں یاجتنی چاہے گہرے رنگ کی نیل پالش استعمال کریں، آپ کے ناخن پیلے نہیں ہوں گے۔ اس محلول کے استعمال کے بغیر بھی اپنے ناخن کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ دودھ کو بھی اپنے معمول میں شامل رکھیں، تاکہ ناخن کیلشیم کی کمی کو وجہ سے بھی خراب نہ ہو جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں