وی آئی پی پروٹوکول سے متصادم قوانین کی تفصیلات طلب

مطمئن کیا جائے کہ حکومت کو پروٹوکول کے لیے سڑکیں بند کرنے سے روکا جاسکتا ہے، سندھ ہائی کورٹ


ویب ڈیسک January 04, 2016
ان قوانین کاحوالہ دیں جووی آئی پی پروٹوکول کی اجازت نہیں دیتے،عدالت فوٹو: فائل

سندھ ہائی کورٹ نے وی آئی پی پروٹوکول کےخلاف درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار سے وی آئی پی پروٹوکول سے متصادم قوانین کی تفصیلات طلب کرلی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں بنچ نے وی آئی پی پروٹوکول کےخلاف انصاربرنی ٹرسٹ کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزارٹرسٹی ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار ٹرسٹ کا منیجر ہے اور یہ مفادعامہ کی پٹیشن ہے۔ عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ قانون کےمطابق ٹرسٹ کے لئے یا تو ٹرسٹی پیش ہوسکتا ہے یا وکالت نامے کے ہمراہ وکیل، اس لئے اگر وکیل پیش ہونا چاہتے ہیں تو وکالت نامہ جمع کرایا جائے، جس پر وکیل نے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ وی آئی پی پروٹوکول کس قانون سےمتصادم ہے، وکیل کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو مطمئن کیا جائے کہ کس قانون کے تحت حکومت کو پروٹوکول کے لیے سڑکیں بند کرنے سے روکا جاسکتا ہے، ایک ہفتےمیں ان قوانین کاحوالہ دیں جو وی آئی پی پروٹوکول کی اجازت نہیں دیتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں