بھارتی وزیراعظم کے دورہ لاہورسے تعلقات کو نئی جہت ملی وزیراعظم نوازشریف

دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے سری لنکا کے ساتھ مل کرکام کریں گے،وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک January 05, 2016
دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے سری لنکا کے ساتھ مل کرکام کریں گے،وزیراعظم نوازشریف - فوٹو: اے ایف پی

لاہور: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ لاہورسے تعلقات کو نئی جہت ملی جب کہ وزیراعظم بننے کے بعد بھارتی قیادت پرواضح کردیا تھا کہ ہمیں غربت اور بے روزگاری سے لڑنا ہے۔

کولمبو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بننے کے بعد طے کرلیا تھا بھارت سے تعلقات کو بہترکرنا ہے جب کہ بھارتی قیادت پرواضح کردیا تھا کہ ہمیں غربت اور بے روزگاری سے لڑنا ہے، بھارت کو تعلقات کی بہتری کیلیے 4 نکاتی ایجنڈا بھی تجویز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیرس میں وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آئے جب کہ بھارتی وزیراعظم کی لاہورآمد پربے حد خوشی ہوئی، ان کے دورہ لاہورسے تعلقات کونئی جہت ملی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی ترقی کیلیے اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کی ضرورت ہے اور میراوژن جنوبی ایشیا کا تنازعات سے پاک ہونا ہے جس کے لیے افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں کیوں کہ افغانستان میں امن ،استحکام پاکستان اورخطے کے مفاد میں ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 30 سال سے ہم دہشتگردی کے خلاف نبردآزما ہیں اور دہشت گردی، توانائی سمیت دیگرشعبوں میں درپیش چیلنجزکا مقابلہ کررہے ہیں جب کہ قومی اتفاق رائے کے بغیرسیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کررہے ہیں جس کے سبب دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو تباہ کردیا ہے اب ہمیں توانائی اورتعلیم کے شعبوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرعظم کا کہنا تھا کہ ہمارامستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے،جس کیلیے پاکستانی قوم پرعزم ہے جب کہ میں سری لنکا کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، سری لنکا کے برآمد کنندگان کو ڈیوٹی فری سہولتیں فراہم کریں گے۔

اس سے قبل سری لنکن صدر کے ہمراہ وفود کی سطح پر ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سری لنکن قیادت سے مذاکرات نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئے جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں ممالک کا اس پر یکساں موقف ہے، پاکستان اور سری لنکا باہمی تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بڑھانے کے مواقع بھی موجود ہیں جب کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ دونوں ملک دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدام میں مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسری لنکا برادردوست ملک ہیں اور دورہ سری لنکا مضبوط تعلقات کا مظہر ہے جب کہ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہے،دونوں ممالک مشترکہ مشقوں کے انعقاد پر تعاون کریں گے، سائنس، ٹیکنالوجی، زراعت کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے۔

اس موقع پر سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسری لنکاکےتعلقات میں بہتری کے لئے وزیراعظم نواز شریف کی خدمات قابل تحسین ہیں، آپ نےکئی بارثابت کیا کہ آپ سری لنکاکےاچھے دوست ہیں، آپ پاکستانی عوام کوبہترین سربراہی فراہم کررہےہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام میں کمی واقع ہوئی ہے۔

واضح رہے وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں جہاں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں