وزیراعظم نوازشریف کا نریندرمودی کوفون پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی

دہشتگرد امن عمل کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں،پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کی معلومات پرمفصل تحقیقات کریں گے،وزیراعظم نوازشریف


ویب ڈیسک January 05, 2016
دہشتگرد امن عمل کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں،پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کی معلومات پرمفصل تحقیقات کریں گے،وزیراعظم نوازشریف. فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو فون کیا اور پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندرمودی کو فون کیا اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی تعاون سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد امن عمل کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں،امن کے لیے سنجیدہ کوششوں کو سبوتاژ ہونے نہیں دیں گے جب کہ پٹھان کوٹ حملے میں بھارت کی معلومات پر مفصل تحقیقات کریں گے۔





دوسری جانب پٹھان کوٹ ایئر بیس کو 3 روز تک ہونے والے آپریشن کے بعد بلآخر خالی کرالیا گیا جب کہ بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ائیر بیس میں موجود تمام 6 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آپریشن میں بھارتی نیشنل سیکیورٹی گارڈ کے 300 کمانڈوز نے حصہ لیا اور حملہ کے تیسرے روز بیس کو دہشت گردوں سے مکمل کلئیرکراتے ہوئے تمام 6 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف جاری رہنے والے بھارتی تاریخ کے سب سے طویل آپریشن کے دوران بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 فوجی ہلاک جب کہ 21 کے قریب زخمی ہوئے۔



بھارتی وزیر داخلہ منوہر پاریکر نے حملے کے چوتھے روز پٹھان کوٹ ائیر بیس کا دورہ کیا جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ ائیر بیس کو دہشت گردوں سے مکمل کلئیر کرالیا گیا ہے جب کہ بیس پر حملہ کرنےوالے تمام 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ائیر بیس کی سیکورٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بیس پر حملے میں سیکیورٹی کی کوئی بڑی کوتاہی نہیں تھی صرف سیکیورٹی میں کچھ خامیوں کی وجہ سے حملہ آور بیس کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوسکے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جن کے مکمل ہونے پر تمام حقائق سامنے آجائیں گے۔



ادھر پٹھان کوٹ پر دہشت گردی کے حملے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے اغوا کرکے چھوڑے جانے والے پولیس افسر ایس پی گورداسپور سلویندر سنگھ کو بھارتی سیکورٹی ایجنسی نے تحقیقات کے لیے حراست میں لے لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ سلویندر سنگھ اپنے دیگر سپاہیوں کے ساتھ کیوں نہیں تھا اور وہ ایسے وقت ایئر بیس کے قریب کیا کر رہا تھا جب عام طورپر یہاں کوئی نہیں آتا۔



بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر بیس کے قریب سے سلویندر سنگھ اور اس کے دوست راجیش ورما کو ان کے باورچی سمیت دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا تاہم کچھ دیر بعد سلویندر سنگھ اور اس کے باورچی کو دہشت گردوں نے بغیر کوئی نقصان پہنچائے رہا کردیا تھا جب کہ ان کے دوست کا گلہ کاٹ کر پھینک دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شپ حملہ آوروں نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 3 اطراف سے حملہ کیا۔ بھارتی میڈیا اور حکام کے مطابق فوجی وردیوں میں ملبوس 6 دہشت گرد ایئر بیس میں داخل ہوئے تاہم بھارتی فوج ائیر بیس کو 3 دن سے زائد کے عرصے میں دہشت گردوں سے کلئیر کرانے میں کامیاب ہوسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں