سری لنکا نے پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر خریدنے کا معاہدہ کرلیا

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 8 معاہدوں اورمفاہمت کی یاد داشتوں پر بھی دستخط کردیئے گئے۔


ویب ڈیسک January 05, 2016
دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا، وزیراعظم نوازشریف- فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جے ایف 17 تھنڈر طیارے فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت سری لنکا 8 طیارے خریدے گا۔

پاکستان سری لنکا کے درمیان جے ایف تھنڈر طیارے کی فروخت پر معاملات طے پاگئے ہیں جس کے تحت پاکستان سری لنکا کو جے ایف تھنڈر طیارے فروخت کرے گا اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔ معاہدے میں طے کیا گیا ہے کہ سری لنکا پاکستان سے 8 جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدے گا۔

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبو میں ایک تقریب میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دفاع، سلامتی، انسداددہشت گردی، تجارت اورسائنس وٹیکنالوجی کے شعبوں سے متعلق 8 معاہدوں اورمفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط ہوئے جب کہ معاہدوں پر دستخط کے دوران تقریب میں وزیراعظم نواز شریف اور سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے لیے وسیع تر مواقع موجود ہیں اور سالانہ تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں سری لنکا کے ساتھ تعاون کررہا ہے اور دونوں ممالک دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی معاملات پر سری لنکا اور پاکستان یکساں موقف رکھتا ہے لہٰذا دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جب کہ میرا دورہ سری لنکا دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کا عکاس ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کو تجارت کے لئے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے کو تیار ہے۔

واضح رہے وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں جہاں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں