ملک کی تقدیر بدلنے کا نُسخہ
ان کروڑوں گھرانوں کے لیے جہاں بسنے والے نوجوان بے روزگار ہیں
ایک روز میں دفتر میں بیٹھا شیشے کے پار مرگلہ کی خوبصورت پہاڑیوں پر اترے ہوئے بادلوں کا دلفریب منظر دیکھ کر خوش ہورہا تھا مگر پھر یہ سوچ کر مضطرب ہوگیا کہ یہ قدرتی حسن اور نظارے ہم جیسے لوگوں کے لیے سکون آور ہیں جو معاشی مسائل سے آزاد ہیں جن پر خدا کا فضل و کرم ہے اور جو privileged کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔
ان کروڑوں گھرانوں کے لیے جہاں بسنے والے نوجوان بے روزگار ہیں، جہاں چولہا تب جلتا ہے جب گھرکا کوئی فرد مزدوری کے پیسوں سے سبزی اور گھی لے کر آتا ہے،جہاں صبح روٹی پکے تو شام کو کھانے کے لیے کچھ نہیں بچتا ،جہاں غربت اور بے روزگاری نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،ان گھرانوں اور وہاں کے مکینوں کے لیے ایسے نظارے بے معنی ہیں۔۔ ان کے لیے سب سے بڑا مسئلہ روزگار، روزی اور روٹی ہے۔تاریخ بتاتی ہے کہ یورپی ممالک میں بھی بہت غربت تھی۔
بے روزگاری اِن کے لیے بھی بہت بڑا چیلنج تھا۔ انھوں نے اس پر کیسے قابو پایا، انھوں نے اپنے شہریوں کو غربت کی دلدل سے کیسے باہر نکال لیا؟ میں انھی سوچوں میں گم تھا کہ ایک وزیٹنگ کارڈ موصول ہوا ، ملاقات کے لیے برٹش کونسل سے دو پڑھی لکھی شستہ اور خوش گفتار خواتین آئیں تھیں۔ پاکستان کے ھیومن ریسورس کو کارآمد بنانے پر ان کی گفتگو نے بہت متاثر کیا کہ اس میں عام این جی اوز والی لیپا پوتی اور ہوائی اصطلاحات نہیں بلکہ خلوص اور Commitment کی مہک تھی۔
انھوں نے ملک سے محبّت کے جذبے سے سرشار ہوکر NAVTTCکے ساتھ تعاون کا عندیہ دیا اور اٹھتے ہوئے برٹش کونسل کے زیرِ اہتمام برمنگھم میں Skill Deveopmentپر ہونے والی عا لمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ میں نے کہا نیوٹیک کی طرف سے کسی سینئر افسر کو بھیج دیں گے اس پرکنٹری ڈائریکٹر مسز نشاط ریاض نے کہا ''صوبائی TEVTASکے سربراہ بھی جارہے ، باقی ملکوں سے بھی اداروں کے سربراہ آئیں گے اس لیے پاکستان کی نمایندگی کے لیے آپ کا شریک ہونا ضروری ہے۔
وہ ممالک جنہوں نے سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے غربت کے جن کو قابو کیا ہے اور اپنے ہیومن ریسورس کے ذریعے سماجی اور معاشی ترقی کے زینے طے کیے ہیں ان کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ''۔ میں نے حامی بھرلی ۔ سفری دستاویزات ان کے رفیق ِ کار علی نے مکمل کروا کے بروقت پہنچادیں۔
برمنگھم ائیرپورٹ پر اُترے تو ہڈیوں میں اترتی ہوئی یخ بستہ ہواؤں نے استقبال کیا۔ شاعرِ مشرق کے بقول زمستانی ہوا میںواقعی شمشیر کی تیزی تھی۔ ہوٹل کی سادگی بھی ذرا حوصلہ شکن سی تھی مگر صبح کانفرنس شروع ہوئی تو سارے گِلے جاتے رہے۔ کانفرنس کے ہر مقرر (چاہے وہ خاتون تھی یا مرد) نے موضوع کے مختلف زاویوں پر بڑی خوبصورتی سے اظہارِ خیال کیا۔ دوپہر کے بعد شرکاء کو مختلف گروپوں میں تقسیم کردیا گیا جہا ں مختلف ممالک کے تجربات سننے اور ان سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔
رات کو برمنگھم شہر کے ایک ٹیکنیکل ادارے (ڈَڈلے کالج) کی طرف سے عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جب اسٹیج سیکریٹری نے اعلان کیا کہ سب سے پہلے کالج کے پرنسپل مہمانوں کو خوش آمدیدکہیں گے توذھن میں اپنے ہاں کے ووکیشنل اداروں کا تصوّر تھا اس لیے خیال کیا کہ کسی گھِسے ہوئے پُرزے کی طرح کا بوڑھا انگریز ہوگا جو ٹیکنیکل سی باتیں کرکے بورکرے گا۔ مگر ایک انتہائی باوقار شخص نے مائیک پر آکر چند فقروں میں ہی تمام حاضرین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔
پرنسپل صاحب کی چند باتیں یاد رہ گئیں ''یہاں نوجوان طلباء وطالبات کے کیرئیر ہی نہیں کردار بھی بنائے جاتے ہیں۔ ہم انھیں ہنر ہی نہیں زندگی کے اصول بھی سکھاتے ہیں ۔ مجھے اور میرے کولیگز کو فخر ہے کہ یہ ادارہ جہاں آپ بیٹھے ہوئے ہیں برطانیہ کی ترقّی میں بھرپور حصہ ڈال رہا ہے''کھانے پر ان سے بات چیت ہوئی تو اِنکی باتوں پر یقین آگیا،مختلف زبانیں بولنے والے شرکاء اس پر متفق تھے کہ وہ جنھیں معمارِ قوم کہا جاتا ہے وہ اسی طرح کے استاد ہوتے ہیں۔ زیرِ تربیّت طباء وطالبات نے اپنے ہاتھوں سے تیار کی ہوئی ڈشیں مہمانوں کو بڑے سلیقے سے سرو کیں۔
دوسرے روز شرکاء کو مختلف گروپوں میں تقسیم کرکے مختلف انڈسٹریز کے دورے کرائے گئے۔ جہا ں فیکٹریوں میں زیرِ تربیّت اپرنٹسوں کو کام کرتے ہوئے دیکھا۔ اپرنٹس وہ زیرِ تربیّت ورکر ہوتا ہے جسے انڈسٹری کی طرف سے کچھ معاوضہ بھی دیا جاتا ہے اور تربیّت مکمل ہونے کے بعد اسے اسی انڈسٹری میں پوری تنخواہ کے ساتھ employکرلیا جاتا ہے۔
اس کے بعد ایک اور ووکیشنل کالج کا دورہ کرایا گیا۔کالج کے انفراسٹرکچر، وسعت اور Training Facilitiesکے لحاظ سے ہماری کوئی یونیورسٹی بھی اس کا مقابلہ نہیں کرتی ۔ ہم حکومت کو سفارشات بھیج رہے ہیں کہ ہر ڈویژن کی سطح پر ایک اعلیٰ پائے کا ٹیکنیکل ادارہ قائم کیا جائے جہاں عالمی معیار کی تربیّت فراہم ہوجہاںسے فارغ ہونے والوں کا روزگار سو فیصد یقینی ہوگا۔
تیسرے روز برمنگھم کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے Skill Showکا دورہ کرایا گیا۔ یہ دورہ بلاشبہ سب سے زیادہ Educative اور Stimulating تھا۔ اس کے شرکاء کی تعداد پچاس ہزار سے زیادہ ہوگی۔ نوجوان طلباء وطالبات کے ایک گروپ نے ہمارے گائیڈز کی ذمے داری سنبھال لی۔گائیڈز ہمیں سیکڑوں کی تعداد میں بنے ہوئے مختلف ٹریڈز کے انکلیوز میں لے جاتے رہے، کہیں Skill Competitions ہورہے تھے کہیں طلباء وطالبات کی Skillsکے بارے میں راہنمائی کی جارہی تھی۔
زیرِ تربیّت طلباء و طالبات کے علاوہ ان کے انسٹرکٹر، ان کے والدین اور صنعتکار اور Employers بھی بہت بڑی تعداد میں ایک ہی جگہ جمع تھے اور مقابلوں کے دوران نوجوانوں کی صلاحیّت دیکھ کر انھیں اپنی انڈسٹری یا اپنے ادارے میں jobsکی پیشکش کررہے تھے۔ نیوٹیک بھی بہت جلد اس طرح کے مقابلے اور روزگار میلے منعقد کرانے جارہا ہے۔
پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پچیّس ہزار خواتین و حضرات ملک کے ہر صوبے اور ہر علاقے میں مختلف ہنر سیکھ رہے ہیں، کراچی اور کوئٹہ کے مختلف اداروں میں زیرِ تربیّت نوجوانوں سے ملاقات ہوئی تو انھیں پرامید پایا۔ سلائی کڑھائی اور پکائی سیکھنے والی بچیوں سے ملا تو وہ لڑکوں سے زیادہ پر عزم تھیں اور بیوٹیشن کے کورس کرنے والی لڑکیوں کوتو سو فیصد یقین تھا کہ وہ اپنی گلی میں بھی اپنا پارلر بنا کر کام شروع کردیں گی تو بہت کامیاب ہوگا۔ Self Employment کے ضمن میں اتنی Success Storiesہیں کہ اِن پر کتابیں لکھی جاسکتی ہیں۔
دوسری جانب جس دوست یا واقف کار سے بات ہوئی اسے Skilled Workerکا متلاشی پایا، صنعتکار کہتے ہیں کہ کنسٹرکشن، مَیٹل اور سرامکس میں ہنر مند ورکر نہیں ملتے، کیٹرنگ کا کاروبار کرنے والے دوست کہتے ہیں تربیّت یافتہ نوجوانوں کو ڈھونڈ رہے ہیں ۔
ہر قسم کے ایکسپورٹرز کو پیکنگ کی ضرورت ہوتی ہے وہ بھی ٹرینڈ ورکر چاہتے ہیں گھر کی بجلی اور باتھ روم ٹھیک کرنے والے الیکٹریشن اور پلمبر کی ضرورت پڑجائے تو اَن ٹرینڈ اورڈنگ ٹپاؤ قسم کے ملتے ہیں جنکی کارکردگی انتہائی ناقص ہوتی ہے اور زراعت سے وابستہ پڑھے لکھے حضرات سمجھتے ہیں کہ فارم منیجر اگر تربیّت یافتہ ہوگا تو زراعت کی پیداوار کئی گنا بڑھ جائے گی اس کے علاوہ ٹنل فارمنگ، باغات کی دیکھ بھال ا ور سائینسی بنیادپر کھیتی باڑی اور لائیو اسٹاک کے لیے تربیّت یافتہ اسٹاف کی ضرورت ہے۔۔ سب کچھ ممکن ہے ہر چیز قابلِ عمل ہے۔
اس سے لاکھوں نوجوانوں کو ملک کے اند ر روزگار مل سکتا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں مڈل ایسٹ اور یورپ میں معقول نوکریاں حاصل کرسکتے ہیں ھُنر کے ثمر سے سب فیضیاب ہونگے گھروں میں خوشحالی آئیگی باہر سے آنے والی Remittancesمیں کئی گنا اضافہ ہوگا غربت کے اندھیرے چھٹ جائیں گے اور ملک ترقّی سے ہمکنار ہوگا۔ چنائی(بھارت) کے پروفیسرڈاکٹر ایس موہن نے اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ غربت کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے TVET ـ"ماسٹر کی" کا کردار ادا کرتی ہے ۔ ملائیشیا میں منسٹری آف ہائر ایجوکیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم یعقوب کہتے ہیں کہ ٹیکنیکل ایند ووکیشنل ٹریننگ نے ملائیشیا سے غربت کے خاتمے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔
مگر ہمارے نوجوان فنّی تربیّت کی طرف کیوں راغب نہیں ہوتے اور والدین بیٹوں اور بیٹیوں کو ووکیشنل تعلیم کیطرف بھیجنے سے کیوں گریزاں ہیں؟ شاید اس لیے کہ یہاںDignity of Labourکا تصوّر نہیں ہے ہنرمند کو وہ عزت نہیں ملتی جسکا وہ حقدار ہے۔ ہم حضورؐ کافرمان 'الکاسب حبیب اﷲ' (ہاتھ سے کام کرنے والامحنت کش اﷲکا دوست ہے) پڑھ تو لیتے ہیں اسے حِرزِجاںنہیں بناتے ۔
نبی کریم ﷺ سے عقیدت اور محبّت کا دم تو بھرتے ہیں، پگڑی بھی باندھ لیتے ہیںداڑھی بھی رکھ لیتے ہیں مگر کیا ہم یہ نہیں جانتے کہ سرکارِ دو عالم ہاتھوں سے Manual work کرتے رہے ہیں یہ جانتے ہوئے بھی ہاتھ سے کام کرنے کو توہین سمجھتے ہیں!!! اس کا علم ہوتے ہوئے بھی فنّی کام کو کمتر سمجھتے ہیں۔
ہمارے نوجوان بی اے، ایم اے کی بے وقعت ڈگری حاصل کرنے کے لیے کئی سال ضایع کردیتے ہیںمگر تکنیکی ہنر کی تربیّت(جسکے نتیجے میں وہ روزانہ ہزاروں روپے کماسکتے ہیں)حاصل کرنے کے لیے تیار نہیں۔۔ ہم غلط تصوّرات اور جاہلانہ Taboosسے کب چھٹکارا حاصل کریں گے؟ نوجوانوں کو اس کی جانب راغب کرنے کے لیے والدین اور اساتذہ بھرپور کردار ادا کریں تو میں دعوے سے کہتا ہوں کہ TVETسیکٹر ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔