لیاری میں جرائم پیشہ عناصر کو حکمت عملی کے تحت گرفتار کریں گے آئی جی

اولڈ سٹی ایریا کیلیے پولیس کے ایک ہزار اضافی اہلکاردیے ہیں

اولڈ سٹی ایریا کیلیے پولیس کے ایک ہزار اضافی اہلکاردیے ہیں فوٹو / ایکسپریس

انسپکٹر جنرل پولیس آف سندھ فیاض احمد لغاری نے کہا ہے کہ صوبے خصوصاً کراچی کے حالات کو بہتر کرنا پہلی ترجیح ہے ٹارگٹ کلنگ، بینک ڈکیتی اور بھتہ وصولی کی وارداتوں پر کنٹرول کرنا ہے، قتل کی ہر واردات ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوتی،لیاری میں جرائم پیشہ عناصرکوحکمت عملی کے تحت گرفتار کریںگے،

لیاری میں تمام لوگ جرائم پیشہ نہیں ہیں، شہر کے جس حصے میں بھی جرائم پیشہ افراد ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، یہ بات انھوں نے منگل کو سینٹرل پولیس آفس میں صحافیوں کے اعزاز میں دی گئی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انھوں نے کہا کہ کراچی کے حالات خراب ہوتے ہیں تو یہاں کی انڈسٹری پر اثرات پڑتے ہیں،

آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو کہا کہ معلومات کے حصول کے سلسلے میں صحیح غلط کی تمیز کریں اگر کوئی غلط کام کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی انھوں نے دعویٰ کیا کہ بھتہ خوری کے خلاف پولیس اقدامات کررہی ہے جس کی وجہ سے بھتے کی پرچیاں بھیجے جانے کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے،


اولڈ سٹی ایریا کے لیے پولیس کے ایک ہزار اضافی اہلکار دیے گئے ہیں اس کے علاوہ مزید نفری دینے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس کا جلد ہی افتتاح کردیا جائے گا انھوں نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر1076کیمروں پر مشتمل سسٹم ہے جس کی مدد سے پولیس کو تفتیش کے معاملات میں مدد ملے گی،

لیاری کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لیاری میں تمام لوگ جرائم پیشہ نہیں ہیں جرائم پیشہ افراد بہت تھوڑی تعداد میں ہیں جنھیں حکمت عملی سے گرفتار کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ صرف لیاری نہیں شہر کے جس حصے میں بھی جرائم پیشہ افراد موجود ہوں گے وہاں آپریشن کیا جائے گا،

انھوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے لیے رینجرز سے بھی رابطے میں ہیں، اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے بتایا کہ لیاری کا آپریشن بند کیے جانے کے بعد کہا گیا تھا کہ دوبارہ آپریشن کریں گے تاہم ایسا نہیں ہوسکا، جرائم پیشہ افراد کے خلاف اسٹنگ آپریشن کریں گے ،اس سلسلے میں معلومات جمع کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہے جس کی مدد سے گرفتاریاں کرینگے۔
Load Next Story