کسٹمزانٹیلی جنس نے6ماہ میں1ارب کی اسمگلڈاشیاپکڑیں

الیکٹرونکس آئٹم،ٹائرز،گاڑیاں،ڈیزل،پلاسٹک دانہ شامل،141مقدمات درج، 15 افرادگرفتار

مختلف مدوں اورضبط شدہ اشیا کی نیلامی کرکے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ڈیوٹی و ٹیکس بھی قومی خزانے میں جمع کرائے گئے فوٹو: محمد عظیم / ایکسپریس

KARACHI:
ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن اینٹی اسمگلنگ کراچی نے رواں مالی سال کے ابتدائی6 ماہ (جولائی تادسمبر) کے دوران 1 ارب17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اشیا ضبط کرتے ہوئے 141 مقدمات درج اور اسمگلنگ میں ملوث 15افراد کو گرفتار کر کے عدالتوں میں پیش اور کسٹم کورٹ میں چالان پیش کیے گئے اور کیسسوں کی رپورٹ متعلقہ کسٹمز فورم پر بھجوادی گئی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اینٹی اسمگلنگ کا یہ آپریشن کسٹم انٹیلی جنس کی مختلف ٹیموں نے کراچی، حیدرآباد اور سکھر کے مختلف علاقوں میں کیا، پکڑے جانے والے سامان میں بھاری مقدار میں الیکڑونکس اشیا و آلات، 2100سے زائد ٹائرز، 1 لاکھ 51ہزار کلوگرام پلاسٹک دانہ، 2 لاکھ40 ہزارلیٹر سے زائد ڈیزل اور پٹرول، کپڑا، مضر صحت گٹکا، چائے، سگریٹ اور 70سے زائد گاڑیاں بمشول ٹرک و27 پرائم موورز بھی شامل ہیں۔


رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس محمد آصف مرغوب صدیقی نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ آپریشن ایف بی آر کی تشکیل شدہ اینٹی اسمگلنگ اسٹرٹیجی اور ڈائریکٹرجنرل کسٹم انٹیلی جنس امتیاز احمد خان کی کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی روشنی میں کیاگیا۔ ایک سوال پر انھوں نے بتایاکہ صنعتی و رہائشی علاقوں میں مختلف گوداموں پر ضابطے کی کارروائی پوری کرتے ہوئے انسداد اسمگلنگ کاروائیاں کی گئیں اور غیر قانونی طور پر زمین میں ذخیرہ کیا ہوا ڈیزل برآمد کر کے ایف آئی آر درج کی گئی، چھاپوں کے دوران ڈیپ فریزر، فرج اور ٹیلی ویزن سیٹ بھی برآمد کیے۔

اس دوران مختلف مدوں اورضبط شدہ اشیا کی نیلامی کرکے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد ڈیوٹی و ٹیکس بھی قومی خزانے میں جمع کرائے گئے، یہ کاروائیاں کسٹم انٹیلی جنس کی مختلف ٹیموںنے ایڈیشنل ڈائریکٹر ندیم احسن کی رہنمائی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلیم اللہ، سپرانٹنڈنٹ سید محمود عباس اور نجیب اللہ جعفری و دیگر افسران نے کیں۔
Load Next Story