کراچی میں ترقیاتی کاموں اور صفائی پر10ارب خرچ کیے جائیں گے

شہرقائد کو صاف ستھرا بنانے کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کریں گے، صوبائی وزیر بلدیات


Staff Reporter January 08, 2016
 زمین پر پارٹی رہنماؤں کی تصاویربنانے والوں کا علم ہے، جام خان کی گفتگو، شہر کے مختلف علاقوں کادورہ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہاہے کہ صوبائی محکمہ بلدیات کے 19 ارب روپے کے فنڈزمیں سے 10ارب صرف کراچی میں ترقیاتی کاموں اور صفائی پر خرچ کیے جائیں گے۔

کراچی میں جاری صفائی مہم میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کراچی کو صاف ستھرابنانے کے بعد منتخب بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کریں گے، میڈیا اور عوام سے گزارش ہے کہ کراچی کو صاف ستھرابنانے میں ہمارا ساتھ دیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کوضلع ملیراورضلع شرقی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا، ضلع ملیر کے ایڈمنسٹریٹر طارق مغل، میونسپل کمشنر منظور حسین عباسی، ایڈمنسٹریٹر شرقی رحمت اللہ شیخ، ایم سی نادرخان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیرجام خان شورو نے ملیر میں قائد پارک کا افتتاح کیا اور وہاں پودا لگایا، بعد ازاں حرمین چورنگی پر جاری صفائی کے کام کا معائنہ کیا اوراسپرے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیاکیا، صوبائی وزیر بلدیات نے ضلع شرقی میں چاندنی پارک ،بہادر آباد میں نئے فیملی پارک اورنشتر پارک میں تحریک پاکستان کے بانی سردار عبدالرب نشتر کے نام سے منسوب لائبریری کا بھی افتتاح کیا ،بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جام خان شورو نے کہا کہ کراچی کو صاف اور سرسبز بنانے کی ۔

جس مہم کا ہم نے آغاز کیا ہے، اس کی وہ خود نگرانی کررہے ہیں اور کئی مقامات پر وہ سرپرائیز وزٹ بھی کررہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہیگا،ڈسٹرکٹ ملیر میں سیوریج کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات کے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ واٹر بورڈ کے ایم ڈی کو ضلع ملیر میں فراہمی ونکاسی آب سے متعلق مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

اس موقع پر میڈیا کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی زمینوں پر تصاویر بنائے جانے کے سوال پر صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ ان تصاویر کے بنانے سے قبل ہی ہم نے صفائی مہم کا آغاز کیا ہے اور اسی لیے کچھ لوگوں کو یہ ناگوارگزراہے،ہمیں معلوم ہے کہ یہ کون کررہا ہے اور کروا رہا ہے، میں ان لوگوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ اگر ہماری پارٹی کے کارکنوں نے ان کے رہنماؤں کی تصاویر بنانا شروع کردیں تو شاید وہ یہ برداشت نہیں کرسکیں گے، اس لیے میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ اس طرح کی حرکتوں سے بازرہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں