امریکا میں پاکستان وافغانستان کا نام لینے پر ہدایت کار جامی سے پولیس کی پوچھ گچھ

ڈونلڈ ٹرمپ جیسے لوگوں نے امریکا کے آزادانہ خیالات کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہدایت کار جامی

اس واقعے کے بعد میرے لیے امریکا میں کوئی بھی کام کرنا ایک سخت انتخاب ہوگا،جامی،فوٹو:فائل

امریکا میں پاکستان اور افغانستان کا نام لینا بھی جرم بن گیا ہے اور دہشت گردی سے متعلق ہر واردات کو انہی ممالک سے جوڑ دیا جاتا ہے،ایساہی ایک واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پیش آیا ہے جہاں ایک پاکستانی فلمسازاور ہدایت کاراپنے ساتھیوں سے فلم کے موضوع پرگفتگو کررہے تھے کہ پاک و افغان ممالک کا ذکر آنے پر قریب موجود امریکی شہریوں نے پولیس طلب کرلی۔






ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کار جامی نے کہا کہ اس واقعے کے بعد میرے لیے امریکا میں کوئی بھی کام کرنا ایک سخت انتخاب ہوگا کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے لوگوں نے امریکا کے آزادانہ خیالات کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کیا ہے، پولیس اہلکاروں کا رویہ کافی مناسب تھا لیکن یہ پام اسپرنگ تھا اگر اس نوعیت کا واقعہ نیویارک یا شکاگو میں ہوتا تو تصور کرسکتا ہوں معاملات کافی سنگین ہوسکتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ساتھی فنکاروں کے ساتھ دنیا میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ کے موضوع پر مبنی فلم کی کہانی کے حوالے سے بات کررہے تھے کہ کس طرح دہشت گردی دنیا کو تباہ کررہی ہے، ڈرون حملے، داعش پاکستان میں داخل ہوچکی ہے یا نہیں؟، انسان کس طرح وار مشین کی زد میں جسمانی، ذہنی و نفسیاتی طور پر تباہ ہورہے ہیں۔سوشل میڈیا پر انکی اس پوسٹ کے بعد پاکستانی شوبزنس اور سماجی کارکنوں نے اس واقعہ کے خلاف جامی کی حمایت کرتے ہوئے پوسٹ کیں۔

واضح رہے کہ ہدایت کار جامی امریکا کی ریاست ٹیکساس میں پام اسپرنگ انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں اپنی گذشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم"مور" کی نمائش کے لیے گئے ہیں،جس کو نہ صرف ملکی سطح پرپسند کیا گیا بلکہ عالمی سطح پر بھی بے حد سراہا جارہا ہے، یہ فیسٹول 11 جنوری تک جاری رہے گا۔
Load Next Story