نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 میں سری لنکا کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

نیوزی لینڈ نے گپٹل اور منرو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت 143 رنز کا ہدف 10 اوورز میں پورا کرلیا

نیوزی لینڈ کی جانب سے گپٹل نے 63 جب کہ منرو نے 50 رنز کی اننگز کھیلیں۔ فوٹو: اے ایف پی

مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی سری لنکا کو شکست دے کر میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔

نیوزی لینڈ کے ایڈن پارک آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز اسکور کئے۔ اینجلو میتھیوز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلی جب کہ تلکارتنے دلشان نے بھی 28 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے گرانٹ ایلیٹ نے 4 جب کہ ایڈم ملنے اور مچل سینٹنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اننگ کا آغاز کیا۔ گپٹل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن منرو نے طوفانی بلے بازی کرتے ہوئے 14 گیندوں پر ٹی ٹوئنٹی کی دوسری تیز ترین نصف سنچری اسکور کی، منرو نے اپنی اننگ میں 7 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ کین ولیم سن نے بھی 32 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ نے 143 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 10 اوورز میں پورا کر کے نا صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ 2 میچز پر مشتمل سیریز میں بھی سری لنکا کو کلین سوئپ کیا۔
Load Next Story