وینا ملک فلم کے کردار میں حقیقت کا روپ بھرنے کے لئے برقعہ پہن کر ممبئی کی سڑکوں پر آگئیں۔
وینا ملک اپنی نئی فلم "دی سٹی دیٹ نیور سلیپس" میں اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنا چاہتیں ہیں اور اس مقصد کے لئےوہ لوگوں میں گھل مل کر اپنی فلم کے کردار سے مماثلت رکھنے والے عام افراد کو ڈھونڈنا چاہتی ہیں تاکہ وہ اپنے کردار کو بخوبی ادا کرسکیں۔
ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ اگر شاہ رخ خان اور عامر خان اپنی فلموں کے لئے باہر نکل کر لوگوں سے سیکھ سکتے ہیں تو میں کیوں نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلم ان کے کیرئیر کے لئے انتہائی اہم ہے اور اس کے لئے وہ کوئی رسک نہیں لینا چاہتیں۔
وینا ملک کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لوگ انہیں پہچان کر ان کے کام میں دخل ڈالیں اس لئے انہیں برقعے کا سہارا لینا پڑا۔
"دی سٹی دیٹ نیور سلیپس" معروف فلمساز ستیش ریڈی کی پیشکش ہے جبکہ اس کی ہدایات ہارون رشید دے رہے ہیں، فلم میں بھارتی، امریکی اور کینیڈین اداکار بھی شامل ہیں۔