نندی پور پلانٹ سے نومبر کی مہنگی ترین بجلی کی فیول لاگت منظور

نیپرا نے وزارت پانی و بجلی کے دباؤ پر منظوری دی، ذرائع، سی پی پی اے تقسیم کار کمپنیوں سے وصولی کے بعد ادائیگی کرے گی

نندی پور پاور پلانٹ کی مشینری جدید لیکن پیداوار 10سے 15سال پرانے پلانٹس سے بھی ساڑھے4 روپے یونٹ تک مہنگی ہے۔ فوٹو: فائل

وزارت پانی و بجلی کے دباؤ کے باعث نیپرا نے نندی پور سے نومبر میں پیدا ہونے والی مہنگی ترین بجلی کی فیول لاگت کی منظوری دے دی۔

جدید مشینری کے حامل نندی پور پاور پلانٹ نے نومبر میں فرنس آئل پر پاکستان کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی، اس کے مقابلے میں 10 سے15سال پرانے پاور پلانٹس نندی پور سے سستی بجلی پیدا کر رہے ہیں، نندی پور پاور پلانٹ کی مشینری تو جدید ترین ہے مگر یہ منصوبہ فرنس آئل پر پاکستان کا مہنگا ترین پلانٹ بن گیا ہے، ایکسپریس کو موصول دستاویز کے مطابق نندی پور پاور پلانٹ سے بجلی فرنس آئل پر چلنے والے آئی پی پیز اور سرکاری پلانٹس جنکوز ون اور تھری کے مقابلے میں 2 تا 4 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی پیدا ہو رہی ہے۔


دوسری طرف 10تا 15سال قبل لگنے والے پلانٹس سے بھی نندی پور پلانٹ زیادہ مہنگی بجلی پیدا کر رہا ہے، نندی پور سے نومبر میں بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 10 روپے 35 فی یونٹ جبکہ مجموعی لاگت 1 ارب 32 کروڑ 48 لاکھ 12 ہزار 31 روپے رہی، نیپرا نے اس فیول لاگت کی منظوری دے دی ہے، سی پی پی اے تقسیم کار کمپنیوں سے وصولی کے بعد نندی پور کو ادائیگی کرے گی۔

دستاویز کے مطابق نومبر میں پرانے آئی پی پیز پر فیول لاگت 5 تا 8.30 روپے فی یونٹ رہی، نومبر میں نندی پور پلانٹ صرف 42 فیصد استعمال کیا گیا، نیپرا نے نندی پور پلانٹ کم چلانے پر این ٹی ڈی سی سے جواب طلب کیا ہے، دستاویز کے مطابق ملک بھر میں78پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار کیلیے این ٹی ڈی سی نے میرٹ آرڈر تیار کر رکھا ہے جس کے تحت سستی بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کو ترجیحی بنیادوں پر چلایا جاتا ہے، حیران کن طور پر نندی پور پاور پلانٹ میرٹ آرڈر لسٹ میں شامل ہی نہیں۔

نومبر میں فرنس آئل پر کیپکو بلاک ون سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 6 روپے57 پیسے، بلاک ٹو 7 روپے 16 پیسے، حبکو 7 روپے 65 پیسے، اے ای ایس لعل پیر 8 روپے30 پیسے، اٹک جن 5 روپے 75 پیسے ، اٹلس پاور 6 روپے 79 پیسے، نشاط پاور 6 روپے 74 پیسے ، نشاط چونیاں 6 روپے 87 پیسے اور حبکو نارووال سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 6 روپے84 پیسے فی یونٹ رہی، جنکو ون کے جامشورو بلاک ٹو سے بجلی کی پیداوار پر فیول لاگت 8 روپے 52 پیسے اور جنکو تھری کے بلاک ون سے فیول لاگت9 روپے35 پیسے فی یونٹ رہی۔
Load Next Story