پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز

پاكستان اسٹاك ایكسچینج میں كاروباری حجم گزشتہ جمعہ كی نسبت 21.77 فیصدكم رہا۔


ویب ڈیسک January 11, 2016
کراچی، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کے انضام سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تشکیل دی گئی ہے۔ فوٹو: آن لائن

پاكستان اسٹاك ایكس چینج (پی ایس ایكس) میں باضابطہ طور پر شیئرز كے كاروباركا آغاز ہوگیا جس میں كاروبار كے پہلے روزكی ابتداء 20پوائنٹس كی تیزی سے مثبت زون میں ہوئی تاہم بعد ازاں ماركیٹ میں گزشتہ ہفتے كے دوران جاری مندی كے آثار غالب آگئے اور مندی كا سلسلہ سیشن كے اختتام تك جاری رہا۔

پیر كو كراچی، لاہور اور اسلام آباد كی اسٹاك ماركیٹوں كے انضمام كے بعد وجود میں ہونے والے پاكستان اسٹاك ایكسچینج میں كاروباری حجم گزشتہ جمعہ كی نسبت 21.77 فیصدكم رہا، ماركیٹ كے مجموعی سرمائے میں 55 ارب 8 کروڑ روپے سے زائد كی كمی ہوئی۔ نئے كاروباری ہفتے كے آغاز پرپاور،كمیونیكیشن، بینكنگ، فیول اور سیمنٹ سیكٹر میں سرمایہ كاروں كی جانب سے كاروباری سرگرمیاں دیكھی گئیں۔

ایك موقع پر انڈیكس 32554 پوائنٹس تك پہنچا لیكن بعد ازاں گزشتہ ہفتے معروف بروكریج ہاؤسز پر ایف آئی اے كے چھاپے كے اثرات ماركیٹ پر نمایاں طورپر دیكھے گئے اور سرمایہ كاروں نے اپنے پاس موجود شیئرز كی فروخت شروع كردی جس كی وجہ سے ایك موقع پر ماركیٹ32300 كی سطح سے نیچے بھی گرگئی تاہم كاروبار كے اختتام پر كے ایس ای100انڈیكس 214.80پوائنٹس كی كمی كے بعد32320.05 پوائنٹس پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج کے انضمام سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج تشکیل دی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں