صدر سے وزیراعظم کی ملاقات زرداری کا فخرالدین کو فون

امریکی سفیر نے الوداعی ملاقات کی، سندھ کے وزرا اور ارکان اسمبلی کا آج کراچی میں اجلاس طلب


ایکسپریس July 18, 2012
اسلام آباد:صدر زرداری سے پاکستان میں سبکدوش ہونیوالے امریکی سفیر منٹر الوداعی ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو/ایکسپریس

صدرآصف زرداری سے وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے صدرکودورۂ سعودی عرب کے بارے میں بتایا، ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ افغانستان کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔

قبل ازیں صدر سے پاکستان میں امریکا کے سفیر کیمرون منٹر نے ایوان صدرمیں الوداعی ملاقات کی۔ امریکی سفیر نے سفارتی خدمات کی انجام دہی کے دوران معاونت پر صدر اورحکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے کیمرون منٹر کی سفارتی مہارت، پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات میںان کے کردار اور نازک وقت میں پاک امریکا تعلقات کو تقویت دینے اورمستحکم کرنے میں ان کی معاونت کو سراہا۔ ادھرآصف زرداری سے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف بھی ملے اورپاک بھارت کرکٹ سیریزکی بحالی پر تبادلہ خیال ہوا۔

صدر نے کرکٹ تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جہاں دونوں ملکوں کے عوام کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی وہاں کرکٹ کے ذریعے امن اور دوستی کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتوںکوایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔ خطے میں امن بحال ہوگا تو دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ صدرزرداری نے نئے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کوفون کیا اور انھیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدرسے پیپلزپارٹی انسانی حقوق سیل کا وفد بھی ملا۔

علاوہ ازیں کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراء، اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت تمام اراکین اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں