’’ایکسپریس نیوز‘‘ پرننھے طبلہ نواز سلمان کی شاندار پرفارمنس

ثقافتی تنظیم ’ ماہی آرٹ اینڈ کلچر ‘ نے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی ذمے داری اٹھالی.


Qaiser Iftikhar November 01, 2012
ماہاخان سلمان کی تعلیم کے تمام ماہانہ اخراجات برداشت کرنے کے علاوہ جلد ہی آسٹریلیا میں اس ننھے فنکار کے لیے پروگرام کا انعقاد بھی کرینگی۔ فوٹو : فائل

''ایکسپریس نیوز'' پرساڑھے چارسالہ ننھے طبلہ نواز سلمان کا ہنردیکھنے کے بعد آسٹریلیا میں کام کرنیوالی ثقافتی تنظیم ' ماہی آرٹ اینڈ کلچر ' کی روح رواں ماہا خان نے اسکول کی فیس سمیت تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی ذمے داری اٹھالی ہے۔

ماہاخان اس سلسلہ میں سلمان کی تعلیم کے تمام ماہانہ اخراجات برداشت کرنے کے علاوہ جلد ہی آسٹریلیا میں اس ننھے فنکار کے لیے پروگرام کا انعقاد بھی کرینگی۔ تفصیلات کے مطابق ''روزنامہ ایکسپریس'' کے زیراہتمام ملتان کے پروگرام میں کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ساڑھے چارسالہ ننھے طبلہ نوازسلمان نے بہترین فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین کو حیران کر دیا۔ اس خصوصی پروگرام کی رپورٹ جب ' ایکسپریس نیوز' سے ٹیلی کاسٹ ہوئی تواس پر پاکستان سمیت دنیا کے بیشترممالک بسنے والی پاکستانی کمیونٹی نے سلمان کی پرفارمنس کو بہت سراہا اوراس ننھے فنکارکوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس کا نام 'گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ' میں شامل کرنے کی اپیل بھی کی۔

اس سلسلہ میں جب 'ماہی آرٹ اینڈ کلچر'کی روح رواں ماہاخان سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی رابطہ کیا گیا توانھوں نے ''نمایندہ ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ 'ایکسپریس نیوز' پرپیش کی جانے والی رپورٹ میں سلمان کاہنردیکھ کرمیں حیران رہ گئی۔ صرف ساڑھے چاربرس کی عمر میں وہ جس خوبصورت انداز سے طبلہ جیسا ساز بجاتا ہے وہ مستقبل میں ضرورپاکستان کا نام روشن کرے گا۔ اگر وہ اس فن کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھے توایک بہترانداز سے کام کرسکے گا۔ اسی لیے میں نے اس کی تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی ذمے داری قبول کی۔

انھوں نے کہا کہ میں اس بچے کے فن کوپروموٹ کرنے کے لیے جلد ہی آسٹریلیا میں شو کا انعقاد کرونگی تاکہ یہاں بسنے والے پاکستانی اورہندوستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگرلوگ بھی اس ننھے فنکارکے فن سے محظوظ ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس ننھے فنکارکا نام بھی گینزبک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروانے کے لیے اقدامات کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں