گلبائی میں آتشزدگی کا شکار فیکٹری کو منہدم کرنے کا کام شروع

4 روز گزرنے کے باوجود واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکی


Staff Reporter November 01, 2012
عمارت کو منہدم کرنے کا کام شروع کردیا گیا اور مزدوروں نے کام کا آغاز کردیا ہے۔ فوٹو: راحیل سلمان / ایکسپریس

THATTA: گلبائی میں آتشزدگی کا شکار ہونیوالے پرنٹنگ اینڈ پیکیجنگ فیکٹری میٹا ٹیکس کی عمارت منہدم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ۔

فائر بریگیڈ نے اپنا کام مکمل کرلیا تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت 2 فائر ٹینڈر فیکٹری پر موجود ہیں ، 4 روز گزرنے کے باوجود واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکی ، پولیس کا کہنا ہے کہ مالکان نے مقدمے کیلیے رابطہ نہیں کیا ، تفصیلات کے مطابق عید الاضحی کے پہلے روز ہفتہ کی شب گلبائی میں پرنٹنگ اینڈ پیکیجنگ فیکٹری میٹا ٹیکس میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے فوری طور پر پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ، آگ پر 36 گھنٹے بعد قابو پایا جاسکا تھا ، آتشزدگی کے باعث عمارت تباہ ہوگئی ، گذشتہ روز باقی ماندہ عمارت کو منہدم کرنے کا کام شروع کردیا گیا اور مزدوروں نے کام کا آغاز کردیا ہے۔

فیکٹری منہدم کرنیوالے ٹھیکیدار نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے مزدوروں کے ساتھ کام شروع کردیا ہے لیکن اس میں بھاری مشینری کی بھی ضرورت پڑے گی ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ فوری طور پر انھیں کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی ہے لیکن ان کا اندازہ ہے کہ مکمل طور پر عمارت گرانے میں ایک ماہ سے زیادہ وقت درکار ہوگا ، دوسری جانب فائر بریگیڈ نے بھی فیکٹری میں امدادی کاموں کو مکمل کرلیا ہے ، ملبے سے اٹھنے والے دھوئیں پر قابو پالیا گیا ہے، فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں ، حفظ ماتقدم کے طور پر 2 فائر ٹینڈر ہر وقت فیکٹری کے پاس موجود رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔