دورئہ بھارت پاکستان کو ایک بار پھر یونس خان کی یاد ستانے لگی

ون ڈے اسکواڈ میں واپسی متوقع، فواد کی شمولیت کا بھی امکان، یوسف کو انتظارکرنا ہو گا۔

35 سالہ یونس خان 245 ون ڈے میچز میں 6824 رنز بنا چکے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

دورۂ بھارت کیلیے پاکستان کو ایک بار پھر یونس خان کی یاد ستانے لگی، اسٹار بیٹسمین کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی یقینی دکھائی دے رہی ہے۔

محمد یوسف کا دسمبر، جنوری کے ٹور میںگرین شرٹ دوبارہ زیب تن کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو پائے گا، البتہ ٹیم میں فواد عالم کی شمولیت متوقع ہے، تمام معاملات پر حتمی فیصلے 7 نومبر کو کوچ ڈیوواٹمور کی لاہور واپسی کے بعد ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں مستقل غیرمعیاری کارکردگی کی وجہ سے یونس خان کو اگست میں آسٹریلیا کیخلاف یو اے ای سیریز کیلیے منتخب نہیں کیا گیا، اس وقت یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسٹار بیٹسمین کو اب صرف ٹیسٹ تک محدود کر دیا جائے گا مگر پاکستانی کرکٹ کے رنگ ہی نرالے ہیں، اب ایک بار پھر یونس خان کی واپسی زیرغور ہے، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پریذیڈنٹ ٹرافی کے 2 میچز میں تجربہ کار پلیئر کی پرفارمنس نے ارباب اختیارکی توجہ مبذول کرا لی، اسٹیٹ بینک کیخلاف انھوں نے حبیب بینک کی جانب سے101 اور50 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔


اس دوران ان کی فٹنس اور جذبہ قابل دید رہا،اسی لیے اب بھارت لے جانے کیلیے پر تولے جا رہے ہیں، تقریباً 35 سالہ یونس خان 245 ون ڈے میچز میں 6824 رنز بنا چکے، اس میں 47 ففٹیز شامل ہیں، انھوں نے اپنی چھٹی اور آخری سنچری 16 نومبر 2008 کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ابوظبی میں بنائی تھی، اس کے بعد67 میچز میں 26.20 کی اوسط سے1546 رنز ہی اسکور کر سکے جس میں 12 نصف سنچریاں شامل ہیں،آخری 18 میچز میں انھوں نے 2 بار ہی 50 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

دوسری جانب محمد یوسف پریذیڈنٹ ٹرافی میں شرکت کے لیے کوشاں ہیں مگر اچھی کارکردگی دکھانے کی صورت میں بھی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ان کی شمولیت انتہائی دشوار ہو گی، البتہ دورئہ جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سائیڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح ڈومیسٹک ایونٹ میں رنز کے انبار لگانے والے فواد عالم کی دورئہ بھارت کیلیے دونوں طرز کی ٹیموں میں شمولیت پر غور جاری ہے۔
Load Next Story