کھینچا تانی کے باوجود کراچی آپریشن جاری رکھنے کی ہدایات ہیں ڈی جی رینجرز

آپريشن كی راہ ميں ايسی کوئی ركاوٹيں نہيں جنہيں سندھ اور وفاق حل نہ كرسكیں، میجر جنرل بلال اکبر


ویب ڈیسک January 11, 2016
آپريشن كی راہ ميں ايسی کوئی ركاوٹيں نہيں جنہيں سندھ اور وفاق حل نہ كرسكیں، میجر جنرل بلال اکبر، فوٹو؛ فائل

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہے کہ کھینچاتانی کے باوجود فوجی قیادت اور حکومت نے آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہیں لہٰذا کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

ڈائريكٹر جنرل پاكستان رينجرز سندھ ميجر جنرل بلال اكبر نے كراچی چيمبر آف كامرس كا دورہ کیا اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے تاجر برادری كو يقين دلايا كہ كراچی كو جرائم اور دہشت گردی سے پاک كرنے كے ليے آپريشن بلا تعطل منطقی انجام تک پہنچايا جائے گا جب کہ تاجروں سے مشاورت كے ليے كوآرڈينيشن كميٹی تشكيل دی جائے گی اور غيرقانونی سرگرميوں ميں ملوث كسی تاجر كے خلاف كارروائی سے قبل كميٹی كو اعتماد ميں ليا جائے گا۔

ڈی جی رینجرز نے کہا کہ آپريشن كی راہ ميں ايسی کوئی ركاوٹيں نہيں جنہيں سندھ اور وفاق حل نہ كرسكیں تاہم اس سلسلے ميں رينجرز كا كردارمختصر ہے جب کہ كھينچا تانی كے باوجود افواج پاكستان كی قيادت اور حكومت كی طرف سے كراچی آپريشن جاری ركھنے كی ہدايات ہيں۔ انہوں نے کہا کہ آپريشن كا مستقبل روشن اور مستحكم ہے جو انشاءاللہ جاری رہے گا اور اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچے گا۔ میجرجنرل بلال اکبر نے کہا کہ كسی كو بھی ہڑتال كرنے، احتجاج كرنے، پيٹرول پمپ بند كرنے اور گاڑيوں كونذر آتش كرنے كی ہر گز اجازت نہيں دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رينجرز اب كراچی ميں بڑھتی ہوئی اسٹريٹ كرائمز سے نمٹنے كے ليے بھی مؤثر آپريشن شروع كرے گی۔

دوسری جانب تاجر رہنماؤں نے كراچي آپريشن كو جاری ركھنے پر زور ديتے ہوئے كہا كہ جب تک آپریشن اپنے منطقی انجام تک نہيں پہنچ جاتا اسے جاری رہنا چاہيے جب کہ شہر ميں مستقل بنيادوں پر امن و سكون قائم ركھنے كے حوالے سے بہت كچھ كرنے كی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔