ٹور میچ میں سنچری کک نے بھارت پر خطرناک عزائم ظاہر کردیے

سمت پٹیل نے 82 کی اننگز کھیلی، انگلش ٹیم کے 4 وکٹ پر 286 رنز، پیٹرسن 23 پر آئوٹ

ممبئی: سہ روزہ میچ میں سنچری کی تکمیل پر انگلش قائد الیسٹر کک کو ساتھی پلیئر سمت پٹیل کی مبارکباد۔ فوٹو : اے ایف پی

الیسٹرکک نے ٹور میچ میں سنچری بنا کر بھارت کو اپنے خطرناک عزائم سے آگاہ کردیا۔


سمت پٹیل نے82 رنز اسکور کیے، انگلش ٹیم کا مجموعہ 4وکٹ پر 286 تک پہنچ گیا، اسے اننگز کے خسارے سے باہر آنے کیلیے ابھی مزید 83رنز درکار اور6وکٹیں باقی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اوپنر نک کامپٹن 3 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتے کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے، جوناتھن ٹروٹ نے 56رنز بناتے ہوئے کپتان کک کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلیے 95 کی پارٹنر شپ قائم کی، اگست کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے کیون پیٹرسن 23رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ان کا کیچ یوراج سنگھ نے اپنی ہی گیند پر تھاما، ای ین بیل 5 کو بھی یوراج نے رائنا کی مدد سے پویلین چلتا کیا، اس مرحلے پر انگلش ٹیم کا اسکور 4وکٹ پر133رنز تھا۔

اس کے بعد سمت پٹیل نے کپتان کے ساتھ مل کر بھارتی بولرز کی درگت بنا دی، کک نے ناقابل شکست 112کی اننگز کھیلی، سمت پٹیل بھی82رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، دونوں کے درمیان اب تک پانچویں وکٹ کیلیے 153 رنز کی شراکت بن چکی، مہمان ٹیم نے4وکٹ پر 286 رنز اسکور کیے۔اس سے قبل بھارتی ' اے ' ٹیم گذشتہ دن کے اسکور 369 میں کوئی اضافہ نہیں کرسکی،آخری کھلاڑی ونے کمار کو دن کی پہلی ہی گیند پر جیمز اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو کردیا، پہلے دن انجرڈ ہوجانے والے انگلش پیسر اسٹیون فن اس میچ سے تو باہر ہوہی گئے ساتھ ہی احمد آباد ٹیسٹ میں بھی شرکت مشکوک ہے،سی ٹی اسکین میں ان کی متاثرہ تھائی میں کوئی بڑا نقصان تو ظاہر نہیں ہوا لیکن وہ ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق آرام کررہے ہیں۔
Load Next Story