حنیف محمد کے 499 رنزکی اننگز کو57 سال مکمل

حنیف محمد نے 11جنوری 1959کو قائداعظم ٹرافی میں کراچی کی طرف سے بہاولپور کیخلاف تاریخ ساز اننگز کھیلی تھی


Sports Desk January 12, 2016
ریکارڈزبنتے ہی ٹوٹنے کیلیے ہیں،لاراکے آگے نکلنے کاکوئی دکھ نہیں،سابق بیٹسمین فوٹو: فائل

فرسٹ کلاس کرکٹ میں حنیف محمد کے 499 رنز کی اننگز کو57 سال مکمل ہو گئے، انھوں نے11جنوری1959کو قائداعظم ٹرافی میں کراچی کی طرف سے بہاولپور کیخلاف کراچی کے پارسی انسٹی ٹیوٹ گراؤنڈ میں یہ اننگز کھیلی تھی جو طویل عرصے تک ریکارڈ بنی رہی۔

حنیف محمد کا یہ ریکارڈ 35 سال تک قائم رہنے کے بعد بالآخر ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے توڑا جب انھوں نے جون1994 میں کاؤنٹی کرکٹ میں ورکشائر کی طرف سے ڈرہم کے خلاف ناقابل شکست501 رنز بنائے۔

حنیف محمد کے ذہن میں499 رنز کی تاریخی اننگز اسی طرح تازہ ہے جیسے کل ہی کی بات ہو، جب انھیں کوئی اس اننگز کی یاد دلاتا ہے تو وہ ماضی میں کھو جاتے ہیں۔ حنیف محمد نے 499 رنز کی اننگز کھیل کر عظیم بیٹسمین سر ڈان بریڈ مین کا 452 رنز کا 29 سالہ پرانا ریکارڈ توڑا تھا، جب انھوں نے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تو سر ڈان بریڈ مین نے انھیں مبارکباد کا ٹیلی گرام بھیجا تھا لیکن جب حنیف محمد یہ اننگز کھیل رہے تھے تو انھیں اس وقت نہیں معلوم تھا کہ یہ عالمی ریکارڈ کس کا ہے۔

انھوں نے بی بی سی کو انٹرویو میں بتایا کہ جب میں نے ٹرپل سنچری مکمل کی تو کراچی کی ٹیم کے کپتان میرے بڑے بھائی وزیرمحمد نے مجھ سے کہا کہ اب آپ کو ورلڈ ریکارڈ قائم کرنا ہے۔ میں نے ریکارڈ کے بارے میں معلوم کیا تو انھوں نے سرڈان بریڈ مین کے452 رنز کے بارے میں بتایا جس پر میں نے ان سے کہا کہ ابھی تو یہ ریکارڈ بہت دور ہے، وزیر بھائی کہنے لگے کہ کچھ بھی ہو آپ کو اس ریکارڈ کے لیے پوری کوشش کرنی ہے۔' حنیف محمد نے سرڈان بریڈ مین کا ریکارڈ تو توڑ دیا لیکن وہ اسکورنگ میں غلطی کی وجہ سے اننگز میں نصف ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بننے سے رہ گئے۔

انھوں نے کہا کہ اسکور بورڈ پر رنز کے کارڈز بچے لگایا کرتے تھے، وہ وقت پر میرے رنز کے صحیح ہندسے بورڈ پر نہیں لگا سکے،انھوں نے جب 496 رنز بورڈ پر لگائے تو اس وقت دو گیندیں باقی تھیں، پانچویں پر میں نے شاٹ کھیلا، فیلڈر سے غلطی ہوئی تو میں دو رنز لینے کے خیال سے دوڑا تاکہ آخری گیند بھی کھیل سکوں لیکن اس دوران رن آؤٹ ہوگیا۔

جب میں واپس آ رہا تھا تو اسکور بورڈ پر499 رنز کے ہندسے لگائے گئے جس پر مجھے بہت دکھ ہوا کہ اگر پہلے صحیح رنز بورڈ پر لگے ہوتے تو500 رنز کے لیے آخری گیند پر بھی چانس لے سکتا تھا۔ حنیف محمد ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 337 رنز کی اننگز سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے ویسٹ انڈیز کے تیز بولنگ اٹیک کے خلاف اسی میدان میں 337 رنز اسکور کیے تھے اسی لیے میرے لیے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔

پہلی اننگز میں صرف 106 رنز پر ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد ہم نے دوسری اننگز میں بھرپور مقابلہ کیا، میں ساڑھے تین دن تک وکٹ پر کھڑا رہا اور چار بیٹسمینوں کے ساتھ سنچری پارٹنرشپس قائم کیں۔ یہ بڑی بات تھی کہ ہم وہ ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئے جو کسی طرح جیت سے کم نہ تھا۔ حنیف محمد کو اس بات کا قطعاً دکھ نہیں ہے کہ ان کے 499 رنز کا ریکارڈ برائن لارا نے توڑا کیونکہ بقول ان کے ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں