ایم پی اے ہاسٹل میں ارکان کیلیے بیوٹی پارلربھی بنیں گے

اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی نے بیوٹی پارلربنانے کی درخواست کی تھی، اسپیکر سندھ اسمبلی


Staff Reporter January 12, 2016
نئی عمارت کے افتتاح کے لیے بلاول بھٹوزرداری سے شیڈول ملنے کا انتظار ہے، اسپیکر آغا سراج درانی فوٹو: فائل

لاہور: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہاہے کہ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے، اراکین اسمبلی کیلیے جدید پارکنگ پلازا تعمیر کیاجائے گا، نئی زیر تعمیر ایم پی اے ہاسٹل کی عمارت میں شاپنگ سینٹر اور خواتین اور مرد اراکین اسمبلی کیلیے بیوٹی پارلربھی قائم ہوں گے۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں ملٹی اسٹوری پارکنگ پلازا کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس سے قبل اسپیکر نے پارکنگ پلازا کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن، سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو، فنکشنل لیگ کے پارلیمانی رہنما نندکمار، ن لیگ کے حاجی شفیع محمد جاموٹ اور دیگر حکومتی اور اپوزیشن بینچز سے تعلق رکھنے والے اراکین سندھ اسمبلی بھی موجودتھے، بعد ازاں منعقدہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارکنگ پلازا میں 395گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ نئی عمارت کے افتتاح کے لیے بلاول بھٹوزرداری سے شیڈول ملنے کا انتظار ہے۔اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی نے بیوٹی پارلربنانے کی درخواست کی تھی، اب ایم پی ایز کی رہائش والی عمارت میںخواتین اراکین کے لیے شاپنگ سینٹر، بیوٹی پارلر سمیت لانڈری اور پارک کا ایریا بھی مختص کیا گیاہے، ایک مکمل فیملی ماحول دیا جائے گا جبکہ مرد ارکان کے لیے بھی بیوٹی پارلربنایاجائے گا۔

صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے کہا کہ نند کمار کی یہ بات صحیح نہیں ہے کہ نئی اسمبلی بلڈنگ کا سنگ بنیاد پہلے رکھ دیاگیا تھا، اس وقت تک منصوبے کی پی سی ون بھی نہیں بنی تھی۔ اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نند کمار نے کہا کہ ارباب غلام رحیم کے دور میں سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیادرکھ دیا گیا تھا، تقریب سے حاجی شفیع جاموٹ نے بھی خطاب کیا۔ خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت کی جانب سے اس طرح کی کوششیں صوبے کی ترقی اور عوام کے فلاح کے لیے بھی کی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں