آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی

آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے 149 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے 310 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر باآسانی حاصل کیا۔


ویب ڈیسک January 12, 2016
آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے 149 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے 310 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر باآسانی حاصل کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے پہاڑ جیسا ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے پہلے ون ڈے میں مہمان بھارت کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں مہمان بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں روہت شرما کے 171 رنز کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے ہدف 5 وکٹوں پر آخری اوور میں حاصل کیا۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اوراوپننگ جوڑی 21 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ ایرون فنچ 8 اور ڈیوڈ وارنر 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان اسٹیون اسمتھ اور جارج بیلی نے تیسری وکٹ پر 242 رنز کی بڑی شراکت قائم کی اور بھارت کے ہاتھ سے میچ جاتا گیا۔

میزبان آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 263 تک پہنچا تو بیلی 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے بھی شامل تھے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز میکس ویل 6 رنز بنانے کے بعد روی چندرن ایشون کا شکار بنے تاہم کپتان اسمتھ کی دھواں دار بیٹنگ جاری رہی اور وہ 135 گیندوں پر 149 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جب کہ شان مارش 12 اور جیمس فالکنر بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے بریندرا سرن نے 3 اور روری چندرن ایشون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فلیٹ پچ کی بدولت بھارتی بلے بازوں نے آسٹریلوی بولنگ لائن کو ادھیڑ کر رکھ دیا اور 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 309 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز روہت شرما 171 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 7 چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں۔ جب کہ شیکر دھاون 9، ویرات کوہلی 91 اور کپتان دھونی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، روندرا جدیجا 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیمس فالکنر نے 2 اور جوش ہیزلی ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 میچز پر مشتمل سیریز میں جیت کے بعد آسٹریلیا کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں