مبینہ غفلت پر وارنٹ جاری ڈاکٹروں کا احتجاج

4ماہ قبل کومہ کی حالت میں لڑکی سول اسپتال لائی گئی جو جانبر نہ ہو سکی،ڈاکٹر غلام مجتبیٰ۔


Staff Reporter November 01, 2012
تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو کام کرنا مشکل ہوجائیگا،آج ڈاکٹرز اور عملہ احتجاج کرے گا فوٹو: فائل

سول اسپتال کے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی سمیت دیگر 4 ڈاکٹروں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جانے کے خلاف سول اسپتال کے ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ آج جمعرات کو احتجاج کرے گا اور ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔

4ماہ قبل 22سالہ لڑکی کی ہلاکت پر لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس پر ڈاکٹروں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں،سندھ ڈاکٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ میمن نے بتایا کہ4ماہ قبل کومہ کی حالت میں 22سالہ لڑکی میڈیکل وارڈ 5 لائی گئی تھی جسے بچانے کی کوشش کی گئی تاہم وہ جانبر نہیں ہو سکی اور انتقال کرگئی جس پر لڑکی کے لواحقین نے ڈاکٹروں پر غفلت کا مقدمہ درج کرایا ہے اور ڈاکٹروں کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں ۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم مسیحا ہیں ہمارا کام لوگوں کی جان بچانا ہے،کوئی بھی ڈاکٹر جان بوجھ کر کسی کی جان نہیں لے سکتا،انھوں نے کہا کہ اگر ہمارے خلاف ایسے مقدمات قائم کیے جاتے رہے اور ہمیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو ہمارا کام کرنا مشکل ہو جائے گا ، جب ہمیں ہی جان کا خوف ہو تو ہم مریض کی جان کیسے بچائیں گے، انھوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ڈاکٹر کو آج گرفتار کیا گیا تو سندھ بھر میں شدید احتجاج کیا جائے گا اور ابھی ہم نے پرامن احتجاج کی کال دی ہے بصورت دیگر ہمارا احتجاج سندھ بھر میں پھیل جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔