ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بطور کپتان ثنا میر کا آخری ٹورنامنٹ

فیصلہ نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کیلیے کیا، آل راؤنڈر


Sports Reporter January 13, 2016
فیصلہ نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کیلیے کیا،آل راؤنڈر ۔ فوٹو : اے ایف پی

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بطور کپتان ثنا میر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا،آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ فیصلہ نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینے کیلیے کیا، بھارت میں شیڈول میگا ایونٹ کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ثنا میر نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں قیادت کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارت میں مارچ میں شیڈول میگا ایونٹ بطور کپتان آخری ٹورنامنٹ ہوگا، انھوں نے کہا کہ اپنے فیصلے سے پی سی بی کو بھی مطلع کردیا، میرے خیال میں مستقبل کیلیے نوجوان کرکٹرز کو موقع دینے کی ضرورت ہے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تقریب رونمائی میں تجربہ کار آل راؤنڈر نے کہاکہ ہماری ٹیم فارم میں اور بہت اچھی پریکٹس بھی جاری ہے۔

ملک کی سبز شرٹ پہن لینے کے بعد ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی پرفارمنس کو بہتر سے بہتر بنائیں، عالمی کپ کے ویمنز مقابلوں میں سپر ایٹ یا سپر سکس کا مرحلہ نہیں ہوتا بلکہ براہ راست سیمی فائنلز ہوتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ راؤنڈ میچز سے آگے بڑھیں، میری خواہش ہے کہ اپنا آخری ایونٹ ذاتی اور ٹیم کی کارکردگی سے یادگار بناؤں،انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نوجوان و سینئر کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن پر مشتمل اور کسی بھی حریف کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ثنا میر نے کہا کہ ویمن کرکٹرز کی فٹنس پر بہت زیادہ توجہ اور ہر ماہ کیلیے ایک پلان دیا جاتا ہے۔

بعد ازاں فٹنس ٹیسٹ یہ بھی معلوم کرتے ہیں کہ انھوں نے کس حد تک اس پر عمل درآمد کیا،ان اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئینگے، انھوں نے کہا کہ ویمنز کرکٹ کیلیے بہتر اقدامات کی وجہ سے باصلاحیت کرکٹرز آگے آرہی ہیں، ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں سامنے آنیوالی پلیئرز مستقبل میں قومی ٹیم کا اثاثہ ہونگی۔ ثنا میر نے کہاکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کا پاکستان آنا بڑی خوش آئند بات ہے اس سے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی ہوگی، خاص طور اسے آرمی پبلک سکول لیجانا ایک اچھا فیصلہ تھا جس سے بچوں کے حوصلے بھی جوان ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔