جوہری معاہدے پر عمل ایران نے ایٹمی ری ایکٹر میں سیمنٹ بھر دیا

اراک جوہری ری ایکٹر سے اصل مواد نکال دیا۔ امید ہے چند روزمیں ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم ہوجائیں گی، صدر روحانی


Net News/این این آئی January 13, 2016
ہم نے جولائی میں ہونے والے معاہدے میں کیے جانے والے وعدوں کو وقت سے پہلے ہی پورا کردیا ہے، ترجمان ایرانی جوہری ایجنسی فوٹو: فائل

عالمی طاقتوں سے ہونے والے جوہری سمجھوتے پر عمل کرتے ہوئے ایران نے اراک کے مقام پر اپنے بھاری پانی کے جوہری ری ایکٹر سے اصلی مواد نکال کر اس میں سیمنٹ بھر دیا اور ایرانی حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ چند روز میں ایران کے خلاف عائد اقتصادی پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔

عالمی طاقتوں سے گزشتہ برس ہونے والے مذاکرات کے نتیجے کو مشترکہ جامع لائحہ عمل یا جے سی پی او اے کا نام دیا گیا۔ مذکرات میں شامل تمام 6 ممالک نے اراک میں موجود اس جدید ری ایکٹر کی از سر نو تنظیم پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ایران نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ اس کی کسی بھی ایٹمی سرگرمی کا مقصد ہتھیار بنانا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اراک میں 40 میگا واٹ کے ہیوی واٹر پلانٹ کو کینسر اور دیگر بیماریوں کے علاج کیلیے آئیسوٹوپ بنانے کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ایران کی جوہری توانائی کی ایجنسی کے ترجمان بہروز کمال واندی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ایران نے جولائی میں ہونیوالے معاہدے میں کیے جانیوالے وعدوں کو وقت سے پہلے ہی پورا کر دیا ہے، جے سی پی او اے پر عمل درآمد اگلے 7 دنوں میں مکمل ہوجائیگا۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر تقریر کرتے ہوئے کہا ہم امید کرتے ہیں کہ ایران کیخلاف اقتصادی پابندیاں اگلے چند دنوں میں اٹھالی جائیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔