کراچی میں اے ایس آئی تاوان کی رقم لیتے ہوئے پکڑا گیا

اے ایس آئی کی گرفتاری کامعاملہ سامنے آنےکےبعد تھانےکےایس ایچ او کوعہدے میں تنزلی کے ساتھ معطل کردیا،ایس ایس پی ویسٹ


ویب ڈیسک January 13, 2016
اے ایس آئی کی گرفتاری کامعاملہ سامنے آنےکےبعد تھانےکےایس ایچ او کوعہدے میں تنزلی کے ساتھ معطل کردیا،ایس ایس پی ویسٹ۔ فوٹو: فائل

رینجرز نے غریب آباد میں کارروائی کے دوران تاوان کی رقم لینے آئے اے ایس آئی کو گرفتار کرلیا جب کہ 7 مغوی شہری بھی بازیاب کرائے گئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق رینجرزنے خفیہ اطلاع پرکراچی کے علاقے غریب آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن کے تھانہ پاکستان بازارمیں تعینات اے ایس آئی اکرم کو گرفتارکرلیا، اے ایس آئی اکرم کے قبضے سے 7 سرکاری رائفلیں، 7 بلٹ پروف جیکٹ اور ایک پولیس موبائل برآمد ہوئی ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ اظفر مہیسرکا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار تھانے کے اے ایس آئی اکرم کی گرفتاری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تھانے کے ایس ایچ او کو عہدے میں تنزلی کے ساتھ معطل کردیا گیا ہے جب کہ تھانے کے منشی سمیت 2 اہلکاروں کو بھی معطل کیا گیا ہے۔ اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ مغوی جمشید کے اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا جس کے بعد پولیس نے اہلخانہ کے ذریعے اکرم کے گروہ کے2 افراد کو رقم وصولی کیلئےبلایاجہاں ملزمان کی گرفتاری کے بعد 7 مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق مغوی جمشید کواےایس آئی اکرم نے ہی اغوا کرکےتاوان کی رقم طلب کی تھی جب کہ ملزم نے مغوی کے اہلخانہ کوجھوٹےمقدمےمیں ملوث کرنےکی دھمکی دی تھی اور اپنا تعارف کبھی سی آئی ڈی اور کبھی ضلع ویسٹ کے افسر کے طور پرکروایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں