وزیراعظم کو افغان صدر کا فون جلال آباد حملے کی ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا

افغان صدر نے پاکستانی قونصل خانے کے قریب حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

افغان صدر نے پاکستانی قونصل خانے کے قریب حملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ فوٹو؛ فائل

وزیر اعظم نواز شریف کو افغان صدر اشرف غنی نے فون کیا جس میں انہوں نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب حملے پر تشویش کا اظہار کیا جب کہ حملے کی ابتدائی تحقیقات سے بھی آگاہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف سے افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خودکش حملے پر اظہار تشویش اور ہلاکتوں پر رنج و غم کا اظہار کیا۔


افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم نواز شریف کو حملے کی ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کیا اور پاکستانی سفارت کاروں اورسفارتی مشنز کو مزید سیکیورٹی فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ افغان صدر سے گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد دونوں ممالک کے مشترکہ دشمن ہیں اسی لیے ان کا مل کر خاتمہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج صبح افغان شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب خود کش حملے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔

Load Next Story