وزیراعظم نے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کیلیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں خصوصی کمیٹی بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔


ویب ڈیسک January 13, 2016
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں خصوصی کمیٹی بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فوٹو؛ پی آئی ڈی

وزیراعظم نوازشریف نے بھارت کے پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے بھارت کے پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں پولیس، ایف آئی اے، ایم آئی، آئی ایس آئی، ایف آئی اے اور سی ٹی ڈی کے افسران شامل ہیں۔



نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پنجاب رائے طاہر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جب کہ کمیٹی میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر نعمان سعید، ملٹری انٹیلی جنس کے لیفٹیننٹ کرنل عرفان مرزا، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو عظیم ارشد، ڈائریکٹر ایف آئی اے عثمان انور اور ایڈیشنل آئی جی صلاح الدین شامل ہیں۔



وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی پٹھان کوٹ حملے میں بعض افراد کے ملوث ہونے کی تحقیقات کرے گی جب کہ کمیٹی کسی بھی ادارے اور صوبائی حکومت سے معلومات اور معاونت بھی حاصل کرسکے گی۔





اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، مشیرخارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر ناصرجنجوعہ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اہم ملکی امور، نیشنل ایکشن پلان، پٹھان کوٹ حملے اور سعودی عرب ایران کشیدگی کے علاوہ دیگر اہم امورپرتبادلہ خیال کیا گیا جب کہ شرکا نے بھارتی ایئربیس پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات اورتفتیش میں پیش رفت پراطمینان کا اظہارکیا۔



وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اپیکس کمیٹی کے جاری اعلامیے کے مطابق پٹھان کوٹ واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور بھارت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات اور ابتدائی تفتیش کی روشنی میں حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتارکیا جاچکا ہے جن کا تعلق کالعدم جیش محمد سے ہے جب کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کالعدم جیش محمد کے متعدد ارکان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے دفاترسیل کردیئے۔



اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کے تحت بھارت سے رابطے میں ہیں اور حکومت ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو پٹھان کوٹ بھیجے گی تاہم اس حوالے سے بھارتی حکام سے مشاورت کے بعد ٹیم کو بھیجا جائے گا جب کہ پاکستان نے بھارت سے مزید معلومات بھی مانگ لی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں