کراچی سمیت سندھ بھرمیں منتخب بلدیاتی نمائندے آج حلف اٹھائیں گے

الیکشن کمیشن کے مقررکردہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کراچی میں 1520منتخب بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیں گے

الیکشن کمیشن کے مقررکردہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کراچی میں 1520منتخب بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیں گے:فوٹو: فائل

سندھ بھرمیں 12ہزار سے زائد نومنتخب بلدیاتی نمائندے آج حلف اٹھائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تقررکردہ پریذائیڈنگ افسران اور جوڈیشل افسران سندھ کے تمام اضلاع میں قائم میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی، ڈسٹرکٹ کونسل، یونین کونسل اور یونین کمیٹی سے منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندے سے حلف لیں گے،کراچی کے 6 اضلاع اور ڈسٹرکٹ کونسل میں منتخب ہونے والے چیئرمین وائس چیئرمین، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل اور وارڈز کونسلرز کی حلف برداری کی تقریب آج(جمعرات) کو مختلف مقامات پر منعقد ہوگی۔


الیکشن کمیشن کے مقررکردہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کراچی میں 1520منتخب بلدیاتی نمائندوں سے حلف لیں گے،ضلع جنوبی کے بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری اسکاؤٹس آڈیٹوریم کوصبح10بجے، ضلع غربی میں ڈی ایم سی ویسٹ کے سائٹ زون آفس صبح 9بجے، ضلع شرقی میں وفاقی اردویونیورسٹی گلشن اقبال کیمپس میں دوپہرایک بجے، ضلع وسطی میں کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں دوپہرڈھائی بجے، ضلع ملیرمیں اولڈ ڈی ایم سی بلڈنگ یونس چورنگی میں بلدیہ ملیر اورڈسٹرکٹ کونسل کے نومنتخب نمائندوں کی حلف برداری کی تقریب دوپہرایک بجے منعقد ہوگی۔

کراچی کے 6 ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور ایک ڈسٹرکٹ کونسل کے بلدیاتی نمائندوں میں 247 چیئرمین، 247 وائس چیئرمین، 988 وارڈز کونسلرز اور38 ممبرڈسٹرکٹ کونسل شامل ہیں۔علاوہ ازیں لاہور سے نمائندگان ایکسپریس کے مطابق لاہور میں بلدیاتی انتخابات میں نومنتخب چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کی تقریب حلف برداری صبح 11 بجے علامہ اقبال ٹاؤن آفس میں ہو گی، قبل ازیں یہ تقریب ٹاؤن ہال میں منعقد ہونا تھی۔

 
Load Next Story