لاہورمیں گھرمیں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

رات دیر گئے شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ پر ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں بعد صبح قابو پایا


ویب ڈیسک January 14, 2016
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت بھی ممکن نہیں رہی۔ فوٹو:فائل

KARACHI: لوہاری گیٹ کے علاقے میں گھر میں لگنے والی آگ کے باعث ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے اندور لاہوری گیٹ میں ایک 3 منزلہ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر رات دیر گئے شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پہلی منزل پر موجود عطا نامی شخص کے خاندان کے افراد واقعہ کے فوراً بعد باہر نکل آئے لیکن دوسری اور تیسری منزل پر رہائش پزیر شاہد اس کی اہلیہ قیصرہ، اس کی 18 سالہ بیٹی عائشہ اور 15 سالہ بیٹا علی، شاہد کی بہن گلشن اور ان کا 4 سالہ پوتا علی آگ کی شدت کی وجہ سے باہر نہ نکل سکے۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم تنگ و تاریک گلیوں اور لکڑی کا کام زیادہ ہونے کی وجہ سے اہلکاروں کو امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد صبح 8 بجے کے قریب آگ پر قابو پایا تاہم کولنگ کا عمل اس وقت بھی جاری ہے۔ عمارت میں موجود تمام افراد اور سامان جل کر خاکستر ہو گیا جب کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت بھی ممکن نہیں رہی۔ 3 منزلہ عمارت کی دوسری چھت آگ کی وجہ سے خستہ ہونے کے باعث گر گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔