سوائن فلو سے ہلاکتیں اقدامات کیے جائیں

یہ اعداد و شمار تشویش ناک صورتحال کی غمازی کرتے ہیں،بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔


Editorial January 15, 2016
یہ اعداد و شمار تشویش ناک صورتحال کی غمازی کرتے ہیں،بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ فوٹو؛ فائل

صوبہ پنجاب میں سوائن فلو کا مرض زور پکڑ رہا ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق لاہور میں سوائن فلو و سیزنل انفلوئنزا کے تین نئے مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں، جنھیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے، محکمہ صحت کے مطابق فلو کے مشتبہ کیسز تمام اسپتالوں میں رپورٹ ہو رہے ہیں مگر ان میں سوائن فلو کا تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، نئے کیسز کے بعد صوبہ بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد 42 ہو گئی جب کہ سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد اب تک 7 ہے۔

یہ اعداد و شمار تشویش ناک صورتحال کی غمازی کرتے ہیں،بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اخباری اطلاع کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ 5 روز میں سوائن فلو سے خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 12 افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی سوائن فلو پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ افسوسناک اطلاعات کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں سوائن فلو کے علاج کی کوئی دوا نہیں ہے۔

جب کہ حکومتی سطح پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسپتالوں میں سوائن فلو اور سیزنل انفلوئنزا کے مریضوں کے لیے ادویات کی وافر مقدار موجود ہے اور آئیسولیشن وارڈ میں بھی تمام انتظامات مکمل ہیں۔ صحت کے شعبے میں غفلت اندوہناک سانحات کو جنم دینے کا باعث بنتی ہے، ڈینگی کی ہلاکت خیزی نے سیکڑوں لوگوں کی جان لے لی تھی، مناسب ہو گا سوائن فلو کے سدباب کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں، نیز دیگر صوبوں، کراچی، کوئٹہ، سکھر، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں مذکورہ مرض کے ظاہر ہونے سے پہلے حفاظتی اقدامات کرلیے جائیں۔ صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، اس میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں