پی ایس ایکس کا پہلا ہفتہ مندی کی نذر 439 پوائنٹس اورکم ہوگئے

فروخت کادباؤ، انڈیکس31001پوائنٹس پربند،230کمپنیوں کی قیمتیں، مارکیٹ سرمایہ80.3ارب روپے کم ہوگیا


Business Reporter January 16, 2016
پورے ہفتے میں مارکیٹ1533پوائنٹس گنوابیٹھی، سرمایہ کاروں کو 3کھرب 20 ارب 13کروڑ روپے کا بھاری نقصان ۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو اپنے قیام کا پہلا ہفتہ بھاری پڑ گیا، مندی کا نہ رکنے والا سلسلہ پورے ہفتے جاری رہا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اتارچڑھاؤ کے بعد مارکیٹ شدید مندی کا شکار رہی جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے مزید 80ارب 32کروڑ روپے ڈوب گئے۔

پاک بھارت تعلقات میں تناؤ، ملک میں دہشت گردی کے واقعات اور کراچی میں ایف آئی اے کی جانب سے اسٹاک بروکرز کے خلاف کارروائی کے مارکیٹ پر منفی اثرات دیکھے جارہے ہیں اور پیر سے شروع ہونے والی مندی جمعہ تک برقرار رہی، سرمایہ کاروں نے بے یقینی کی کیفیت میں حصص کی فروخت کو ترجیح دی، ایک موقع پر انڈیکس 31636پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا۔

تاہم مختلف شعبوں میں فروخت کا دباؤ بڑھنے کے باعث مارکیٹ 30885پوائنٹس تک گرگئی رہا تاہم مخصوص شعبوں میں نچلی قیمتوں پر خریداری کے باعث انڈیکس بمشکل 31000پوائنٹس کی حد کو بحال کرنے میں کامیاب ہوا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 439.53 پوائنٹس کی کمی سے 31001.49پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں 331 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا ۔

جس میں سے 84 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 230 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 17 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا،مندی کے باعث مارکیٹ سرمایہ 80ارب 32کروڑ روپے کی کمی سے 65 کھرب 68ارب82 کروڑ 51لاکھ روپے رہ گیا، کاروباری حجم 5کروڑ سے زائد حصص کی کمی کے بعد 13کروڑ حصص کی سطح پر آ گیا۔ واضح رہے کہ پیر سے جمعہ تک بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں1533.36 پوائنٹس اور مارکیٹ سرمائے میں 3کھرب 20ارب 13 کروڑ 57لاکھ 15ہزار 922 روپے کی نمایاں کمی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں