پشاور میں واقع بالی ووڈ اداکار راج کپور کا آبائی گھر گرانے کی کوشش

محکمہ آثار قدیمہ اور پولیس نے قومی ورثہ قرار دیئے گئے گھر کو گرانے کی کوشش ناکام بنادی۔


ویب ڈیسک January 16, 2016
محکمہ آثار قدیمہ اور پولیس نے قومی ورثہ قرار دیئے گئے گھر کو گرانے کی کوشش ناکام بنادی۔ فوٹو؛ فائل

شہر کے مشہور قصہ خوانی بازار میں واقع بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار راج کپور کے گھر کو گرانے کی کوشش پولیس اور محکمہ آثار قدیمہ نے ناکام بنادی جب صوبائی حکومت نے گھر سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے جس کے بعد اسے خریدنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع بالی ووڈ کے آنجہانی سپر اسٹار راج کپور کے گھر کو گرانے کی کوشش کی گئی جسے محکمہ آثار قدیمہ اور پولیس نے ناکام بنادی۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز نے بتایا کہ گھر کو گرانے کا کام گھر کے موجودہ مالک کے حکم پر شروع کیا گیا تاہم محکمہ آثار قدیمہ کو اس کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی مدد سے گھر منہدم کرنے کے کام کو فوری طور پر روک دیا گیا جب کہ پولیس نے توڑ پھوڑ کرنے والے مزدوروں کو حراست میں لے لیا۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ نے راج کپور اور دلیپ کمار کے آبائی گھروں سے متعلق صوبائی حکومت کو رپورٹ ارسال کی ہے جب کہ صوبائی حکومت نے عمارات سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں جس کے بعد ان عمارتوں کو خریدنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کے مطابق راج کپور کا آبائی گھر آرکیالوجی ایکٹ کے تحت تاریخی ورثہ ہے جسے گرانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جب کہ ان عمارات پر کسی قسم کا کوئی کام بھی نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب سیکریٹری محکمہ آرکیالوجی اعظم خان نے راج کپور کا گھر گرانے کا نوٹس لے لیا ہے جب کہ ذمہ داروں کے خلاف انتیک ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں