نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 87 اور کین ولیمسن نے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔


ویب ڈیسک January 17, 2016
پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے سب سے زیادہ 56 اور شعیب ملک نے 39 رنز اسکور کئے۔ فوٹو: گیٹی امیجز۔

تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

ہیملٹن کے سیڈن پارک میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی بلے بازوں نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور پاکستانی بولرز کی دل کھول کر پٹائی لگائی۔ کیوی بلے بازوں نے مقررہ ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 17.3 اوور میں پورا کر لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 87 جب کہ کین ولیمسن نے 11 چوکوں کی مدد سے 72 رنز اسکور کئے۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، حفیظ نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا۔ پاکستان کو پہلا نقصان احمد شہزاد کی صورت میں ہوا جو 9 رنز بنا کر کورے اینڈرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ساتویں اوور میں سینٹنر کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں محمد حفیظ بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود 23 گیندوں پر 18 رنز بنا سکے۔ شعیب ملک 39 رنز بنا کر میک کلنگھن کی گیند پر بولڈ ہوئے، شاہد آفریدی نے ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز اسکور کئے اور ملنے کی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ عمر اکمل نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی اور وہ 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں